Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پھول نگر لیسکو واپڈا ریونیو آفس کی بے ضابطگیوں پر انکوائری کا عوامی مطالبہ

Lesco



تفصیلات کے مطابق لیسکو واپڈا پھول نگر ریونیو آفس میں مبینہ کرپشن، رشوت ستانی، بھاری ڈیٹیکشن بلوں، میٹر اتارنے، میٹر ریکارڈ میں بے ضابطگیوں، صارفین کو مبینہ ہراساں کرنے اور دفتری امور میں تاخیر کے خلاف چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سے اعلیٰ سطحی اور غیر جانب دارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے


متاثرہ صارفین اور اہلِ علاقہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بعض صارفین کو میٹر خراب ہونے یا تکنیکی خرابی کی صورت میں مبینہ طور پر غیر قانونی مالی مطالبات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض کیسز میں رشوت طلب کرنے یا وصول کرنے کے باوجود بھاری بل یا ڈیٹیکشن بل عائد کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں


درخواست گزاروں کے مطابق بعض صارفین کے میٹروں کو ٹیمپرڈ قرار دے کر لاکھوں روپے کے ڈیٹیکشن بل عائد کیے گئے، بعد ازاں میٹر اتار کر ٹیسٹنگ کے لیے لے جائے گئے۔ شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض معاملات میں بعد کی ٹیسٹنگ کے دوران میٹر میں ٹیمپرنگ ثابت نہ ہونے کے باوجود صارفین کو میٹر واپس نہیں کیے گئے


درخواست میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ بعض اتارے گئے میٹر مبینہ طور پر بعد میں دوسرے صارفین کے کنکشن پر نصب کیے گئے۔ درخواست گزاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر میٹر کے نمبر کی بنیاد پر اس کی مکمل ٹریس ایبلٹی، یعنی اتارنے، اسٹور میں جمع ہونے، ٹیسٹنگ، دوبارہ تنصیب اور تبدیلی کا ریکارڈ چیک کیا جائے۔


صارفین کی جانب سے میٹر ریڈنگ میں مبینہ غفلت کی شکایات بھی کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں بروقت ریڈنگ درج نہ ہونے کے باعث اگلے ماہ زیادہ یونٹس ریکارڈ ہوئے، جس سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا اور بعض صارفین کی کیٹیگری بھی تبدیل ہوئی۔ اس سلسلے میں سابقہ و موجودہ ریڈنگ، ریڈنگ کی تاریخ، میٹر کی تصاویر اور دستیاب GPS ریکارڈ کا آڈٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے


درخواست میں وفاقی محتسب کے فیصلوں پر مبینہ تاخیر سے عملدرآمد، ریکوری کے نام پر میٹر اتارنے، شکایت کرنے والے صارفین کے خلاف مبینہ طور پر بجلی چوری یا میٹر ٹیمپرنگ کی کارروائی شروع کرنے اور بعض معاملات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے صارفین پر دباؤ ڈالنے کی شکایات بھی شامل ہیں


درخواست گزاروں نے پھول نگر ریونیو آفس میں عملے کی مبینہ غیر حاضری اور دیر سے آمد کی شکایت کرتے ہوئے بائیومیٹرک حاضری، آمد و روانگی کے ریکارڈ اور دفتری اوقات کی پابندی کا آڈٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اسی طرح ایکسین یا ایس ڈی او کی غیر موجودگی میں متبادل یا چارج افسر مقرر نہ ہونے کے باعث صارفین کو بار بار دفتر کے چکر لگانے کی شکایت بھی کی گئی ہے۔


درخواست میں لیسکو حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پھول نگر ریونیو آفس کے گزشتہ چند سالوں کے ریکارڈ کا خصوصی آڈٹ کرایا جائے، خصوصاً اتارے گئے میٹروں، میٹر ٹیسٹ رپورٹس، ڈیٹیکشن بلوں، ریڈنگ ریکارڈ، Protected اور Non-Protected کیٹیگری کی تبدیلیوں، وفاقی محتسب کے فیصلوں، صارفین کی شکایات اور ملازمین کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا جائے۔


درخواست گزاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات کے لیے ایسا غیر جانب دار افسر یا کمیٹی مقرر کی جائے جو پھول نگر ریونیو آفس کے براہِ راست انتظامی کنٹرول میں نہ ہو۔ ان کے مطابق اگر تحقیقات میں کسی اہلکار کے خلاف رشوت، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال یا ریکارڈ میں بے ضابطگی کے شواہد ثابت ہوں تو قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ الزامات ثابت نہ ہونے کی صورت میں اس بارے میں بھی واضح تحریری فیصلہ دیا جائے


درخواست گزار اور متاثرہ صارفین و اہلِ علاقہ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سے انکوائری مکمل ہونے کے بعد شکایات پر ہونے والی کارروائی اور متاثرہ صارفین کو فراہم کیے جانے والے ریلیف سے تحریری طور پر آگاہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے


درخواست گزاروں نے واضح کیا ہے کہ شکایت کا مقصد کسی فرد کو تحقیقات سے قبل مجرم قرار دینا نہیں بلکہ سامنے آنے والی شکایات کی شفاف، غیر جانب دارانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانا ہے

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL