Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہیومن انسپائرڈ اے آئی لیب کا افتتاح


پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں انسانی ضروریات اور تقاضوں پر مبنی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تحقیق کے لیے ’ہیومن انسپائرڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیبارٹری‘قائم کر دی گئی ۔ یہ لیبارٹری ترک حکومت کے سرکاری ترقیاتی تعاون کے ادارے ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (ٹکا)کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔

لیبارٹری کی افتتاحی تقریب میں ترکیہ کے قونصل جنرل محمد ایمن شمشک، ٹکا کے نائب صدر علی ایرجان، پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور، ڈاکٹر کامران ملک سمیت دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔ ٹکا کے نائب صدر علی ایرجان نے باضابطہ طور پر لیبارٹری کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب میں علی ایرجان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی جامعات کے درمیان تعلیمی روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹکا پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں متعدد منصوبوں کی مالی معاونت کر رہی ہے،جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اس رفتار سے ترقی کر رہی ہے جس کا ہم میں سے کسی کے لئے بھی ساتھ چلنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم، صحت ، تحقیق اور عوامی خدمات کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیت بے حد وسیع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تیز رفتار پیش رفت کے ساتھ یہ سوال پہلے زیادہ ضروری ہوگیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجیزکس مقصد کے لئے ہیں ، کن لوگوں اور طبقات کی خدمت کرتی ہیں اور انسانی زندگیوں پر ان کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت یہ لیبارٹری قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی یہ ایسی جگہ بنے گی جہاں طلبہ اور محققین نہ صرف تکنیکی مہارتیں حاصل کریں گے بلکہ اپنے تیار کردہ نظاموں کے انسانی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کا بھی جائزہ لیں گے۔

قونصل جنرل محمد ایمن شمشک نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی جامعات کے درمیان علمی روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹکا پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں متعدد منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی مفادات کے حصول میں مدد ملے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور نے کہا کہ نئی لیبارٹری جدید کمپیوٹنگ اور سرور کی سہولیات سے لیس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کی یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ تحقیقی معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گی جبکہ اساتذہ اور طلبہ کے وفود کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اور یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مشترکہ طور پر مختلف کورسز اور تدریسی پروگرامز تیار کرنے کے لیے بھی کام کریں گی۔