انتظامی یونٹ کی بات کرنے والا ہمارا ہیرو ہوگا،مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت،متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے سندھی بھائیوں کے ذہنوں میں بغض پیدا کیا جا رہا ہے، تاکہ لوگ اپنے اصل مسائل بھول جائیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے سندھی بھائیوں، ماؤں اور بہنوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم یہ سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سندھی عوام ہمارے جسم کا حصہ اور ہمارے بھائی ہیں، ہم ان کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم نے کسی قوم کے خلاف بات نہیں کی بلکہ ہماری تنقید پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر ہے۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایڈز، گٹروں میں بچوں کے گرنے اور مبینہ کرپشن پر کوئی تکلیف نہیں ہوتی، لیکن انتظامی یونٹس کی بات پر اعتراض کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹ کی بات کرنے والے کی ہم مکمل حمایت کریں گے اور اس معاملے کی سربراہی کرنے والا کوئی بھی ہو، وہ ہمارا ہیرو ہوگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ میں کوٹا سسٹم نافذ ہے اور ہمارے نوجوانوں کو ایک بھی نوکری نہیں دی جاتی۔ صوبے میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ موجود ہے جبکہ کراچی میں تباہی پھیلی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں





