اسلام آباد مارچ، جماعت اسلامی کے قافلے ٹرین کے ذریعے 20 ستمبر کو ڈی چوک پہنچیں گے

جماعتِ اسلامی کا اسلام آباد مارچ 20 ستمبر کو شروع ہوگا، جس کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے جماعتِ اسلامی کے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق جماعتِ اسلامی کا مارچ کراچی سے بذریعہ ٹرین شروع ہوگا، کراچی سے روانہ ہونے والے قافلے ٹرین کے ذریعے ملتان پہنچیں گے، جہاں سے مارچ کا قافلہ لاہور کی جانب روانہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ملتان سے ہوتا ہوا جماعتِ اسلامی کا قافلہ لاہور پہنچے گا، جبکہ لاہور سے جماعتِ اسلامی کا قافلہ بذریعہ ٹرین اسلام آباد روانہ ہوگا۔ خیبرپختونخوا کے قافلے اسلام آباد میں مقررہ مقام پر پہنچیں گے، جبکہ بلوچستان، کشمیر، سندھ اور پنجاب سے آنے والے قافلے بھی اسلام آباد میں مخصوص مقام پر جمع ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق تمام قافلوں کے اسلام آباد میں جمع ہونے کے بعد انہیں جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں آگے بڑھایا جائے گا۔ جماعتِ اسلامی کا قافلہ حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں ڈی چوک کی جانب روانہ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی کے اسلام آباد مارچ کا آخری پڑاؤ ڈی چوک ہوگا۔





