Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاہور ہائیکورٹ: ایم پی او کی دفعات 3 اور 16 کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر جلد سماعت منظور

lahore
مصنف:

لاہور ہائیکورٹ نے ایم پی او کی دفعات 3 اور 16 کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔


جسٹس عبہر گل خان نے ایم پی اے شفیع جان کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت سے استدعا کی کہ مرکزی کیس کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ تین مرتبہ درخواستیں دی جاچکی ہیں لیکن کیس ارجنٹ بنیادوں پر مقرر نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مائی لارڈ، بڑی مشکل ہے، کیس فکس نہیں ہو رہا۔‘‘جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ ’’میں چیف جسٹس نہیں ہوں جو آفس کو کیس فکس کرنے کی ہدایت دوں۔‘‘ عدالت نے وکیل کو بتایا کہ جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی گئی ہے اور کیس مقرر ہوجائے گا۔


وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ انہوں نے نظر بندی کے 15 ہزار احکامات ختم کرائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے مختلف ججز کی جانب سے نظر بندیوں کے معاملات پر مختلف فیصلے سامنے آئے ہیں، جبکہ جسٹس امجد رفیق نے بھی ہزاروں نظر بندی کے احکامات ختم کیے ہوں گے۔جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ تمام ججز قابل احترام ہیں، عدالت میں کسی جج کے بارے میں بات نہ کی جائے۔وکیل اظہر صدیق نے مزید کہا کہ تکنیکی معاملات میں پڑ کر انصاف کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ اس پر جسٹس عبہر گل خان نے استفسار کیا کہ وکیل جو دلائل دے رہے ہیں، کیا وہ نکات موجودہ درخواست میں شامل ہیں؟عدالت نے واضح کیا کہ یہ صرف جلد سماعت کی درخواست تھی، جسے منظور کرلیا گیا ہے، جبکہ مرکزی کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا جائے گا۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL