مہاتیر محمد کی اہلیہ کا 100 برس کی عمر میں انتقال

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی انتقال کرگئیں، وہ 100 برس کی تھیں۔
سیتی حسماہ محمد علی کے انتقال کی اطلاع مہاتیر محمد کے دفتر کی جانب سے دی گئی۔ ان کا انتقال پیر کو ہوا جبکہ ان کی نماز جنازہ اور تدفین بھی پیر کی شام ملائیشیا کے انتظامی دارالحکومت پوترجایا کے قبرستان میں کی گئی۔
سیتی حسماہ اپنی الگ شناخت رکھنے والی مقبول شخصیت تھیں۔ انہیں سادہ مزاجی اور خوش مزاجی کے لیے جانا جاتا تھا جو ان کے شوہر مہاتیر محمد کے دوٹوک اور سخت انداز سے مختلف تھی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے سیتی حسماہ محمد علی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم سیتی حسماہ کی ماں جیسی شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ملک کے لیے ان کی خدمات اور کردار کو سراہتی رہے گی۔
سیتی حسماہ محمد علی کے شوہر مہاتیر محمد کی عمر 101 برس ہے۔ انہیں اکثر ملائیشیا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ وہ دو مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہے اور مجموعی طور پر دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔
مزید پڑھیں





