Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حکومت اور احتجاج کرنے والے انا اور ضد سے بالاتر ہو کر بات چیت کریں، سعد رفیق


مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انا اور ضد سے بالاتر ہو کر بات چیت کریں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی فاتح نہیں ہوگا، سب ہار رہے ہیں، ریاست پہل کرے اور جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس مجروح کرنا کم ظرفی ہے، مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی سے پاکستان جھلس رہا ہے جبکہ عام آدمی پس چکا ہے۔ اسے مباحثوں اور الزامات سے کوئی دلچسپی نہیں، عام پاکستانی کی پکار سنی جائے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے زخم ناسور بن جاتے ہیں، پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جا سکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے، لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سول سوسائٹی اور اہلِ درد بیدار ہوں، قومی بیداری وقت کی ضرورت ہے۔ جو جہاں بھی ہے، اپنی آواز بلند کرے۔

خواجہ سعد رفیق کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مارچ اور احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا جبکہ حکومتی رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کا لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کرکے 4 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسے سیاسی حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

دوسری جانب حکومت نے لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی طرف آنے والی اہم شاہراہوں، موٹرویز اور بعض داخلی راستوں پر سکیورٹی اقدامات کیے ہیں جبکہ اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ سڑکیں بند کرنے یا امن و امان متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔