Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کرپشن اور بدعنوانی پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک معطل


محکمہ داخلہ پنجاب نے کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عمران نوید اشرف کو معطل کردیا جبکہ ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عمران نوید اشرف کو مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کے معاملے پر معطل کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسر کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے۔ ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کرپشن، نااہلی، بدعنوانی اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے ہے۔

ترجمان کے مطابق معطل کیے گئے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی ایکٹ 2006، المعروف پیڈا ایکٹ، کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

کارروائی کا مقصد الزامات کی محکمانہ سطح پر جانچ اور ذمہ داری کا تعین کرنا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملات پر قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے لیے نئے سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی بھی کردی ہے، ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل لاہور کاشف علی کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک تعینات کردیا گیا ہے۔

کاشف علی نئی ذمہ داریاں سنبھال کر جیل کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ جیل انتظامیہ میں نظم و ضبط، شفافیت اور قانون و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق معطل افسر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت جاری کارروائی میں الزامات کا جائزہ لینے کے بعد قواعد کے مطابق مزید فیصلہ کیا جائے گا۔