Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں 1120 ارب روپے کی ٹیکس چوری،سینیٹ قائمہ کمیٹی میں انکشاف

Senate of Pakistan
مصنف:


اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں 1120 ارب روپے کی مبینہ ٹیکس چوری کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں ایف آئی اے حکام نے انکشاف کیا کہ اربوں روپے کا سامان منگوانے والی 27 کمپنیوں کے دفاتر ہی موجود نہیں ہیں۔


ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1120 ارب روپے کی ٹیکس چوری کے معاملے پر 20 اگست کو انکوائری شروع کی گئی تھی اور اس سلسلے میں 512 نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 512 کمپنیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔


ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 31 کمپنیوں نے اپنی تفصیلات فراہم کی ہیں، جبکہ 17 کمپنیوں کے مالکان خود پیش ہوئے۔ تاہم، 27 نوٹس اس بنیاد پر واپس آگئے کہ ایسی کوئی کمپنیاں موجود ہی نہیں ہیں۔


حکام کے مطابق 17 کمپنیوں کے مالکان ایف آئی اے کی کارروائی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ بھی چلے گئے ہیں۔


اجلاس میں سینیٹر شہادت علی اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ سیلز ٹیکس کے معاملے میں ایف بی آر مداخلت نہیں کر سکتا۔


کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس معاملے میں کمیٹی اور عدالت کو غلط فہمی بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹری مالکان اور ایف بی آر کے گٹھ جوڑ سے یہ ادائیگیاں ہوئی ہیں۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL