امریکا کا پاکستانی طلبہ کیلئے ویزہ سروس بحال کرنے کا اعلان

0
27

واشنگٹن :امریکی سفارت خانے نے امریکا میں تعلیم کے حصول کے خواہش مند طالب علموں کے لیے پاکستان میں اسٹوڈنٹ ویزا سروس یکم اکتوبر سےشروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی سفارت خانے نے پاکستانی طلبہ کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا سروس بحال کردی ہے، اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور کراچی میں امریکی قونصل خانے میں یکم اکتوبر سے سروس شروع ہوگی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسٹوڈنٹ ویزا پہلی ترجیح ہے، اسٹوڈنٹ ویزا کے درخواست گزاروں کی بروقت اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر جاری امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گریجویشن کے طلبہ کے لیے 2 اور 3 اکتوبر کو امریکی جامعات کا سالانہ آن لائن میلہ منعقد ہورہا ہے جب کہ انڈر گریجویٹ طلبہ کے لیے 9 اور 10 اکتوبر کی تاریخ رکھی گئی ہے، اس حوالے سے سفارت خانے نے ایک معلوماتی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران درخواست گزار طلبہ کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے کئی اقدامات کیے گئے ہیں، طلبہ ماسک پہننا اور سماجی دوری رکھنا نہ بھولیں۔

Leave a reply