وزیر داخلہ شیخ رشید کی ترک ہم منصب سلیمان سوئیلو کے ساتھ ویڈیو کانفرنس:اہم معاملات پرگفتگو

0
23

اسلام آباد:پاکستان اور ترکی کے وزراء داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے اور اسے دونوں ملکوں کا مشترکہ ہدف قرار دیا ہے۔ بدھ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ان کے ترک ہم منصب سلیمان سوئیلو کے مابین ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت ہوئی جس میں علاقائی امن وامان ، غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ویڈیو کانفرنس کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان اور ترکی نے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے پراتفاق کیا اور غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کے خاتمہ کو دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف قرار دیا۔ پاکستان اور ترکی کے وزراء داخلہ نے ایک دوسرے کو اپنے ملک دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش مسائل پر پاکستان اور ترکی کا موقف یکساں اور دوٹوک ہے، پاکستان نے افغان عوام کو قحط سے بچانے کے لئے امداد کیلئے صدا بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر اوآئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، ترکی کی طرف سے افغان شہریوں کی امداد انتہائی قابل تحسین فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کے عوام میں بہت پذیرائی حاصل ہے، ترک صدر طیب اردگان پاکستان میں انتہائی مقبول مسلمان سربراہ مملکت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرف غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے اقدامات کو تیز کیا جائے گا، ترکی کی طرف پاکستانیوں کی غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے وزارت داخلہ اور ایف آئی آے ہر ممکن اقدامات کریں گے، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے لئے پاکستان زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران اور افغانستان بارڈز پر باڑ غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی نقل و حرکت روکنے میں بہت مدد گار ثابت ہوگی، پاکستان ایران بارڈر پر باڑ کا کام رواں سال مکمل ہو جائے گا، پاکستان اور ایران سرحد پر 700 کلومیٹر باڑ پہلے ہی لگاچکے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ملک ہیں، باہمی تعلقات پر بہت فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی داخلہ وزارتوں اور اس کے محکموں کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی، منشیات سمگلنگ، سائبر سکیورٹی کرائمز اور انسانی سمگلنگ جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ان بڑے چیلنجز سے نبرد آزما ہونےکے لئے مشترکہ حکمت عملی اور پیش بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر روابط سے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکتا ہے، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کو روکنا دونوں ممالک کے لئےایک بڑا چیلنج ہے، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ سے معاشی اور سماجی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

Leave a reply