وزیر مذہبی امور کا حجاج کرام کو رقم کی واپسی کا اعلان

0
41

وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے پوسٹ حج 2023 کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں اور حجاج کرام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدے کے مطابق حج اخراجات میں بچت کی رقم حجاج کرام کو واپس کی جا رہی ہے۔ تمام سرکاری حجاج کرام کو 97 ہزار روپے فی کس واپس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدینہ میں دور رہائش پانے والوں کو ایک لاکھ 11 ہزار روپے واپس ملیں گے، جن حجاج کو مشاعر ٹرین نہیں ملی انہیں ایک لاکھ 18 ہزار روپے واپس ملیں گے۔طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ مرکزیہ میں رہائش اور ٹرین نہ پانے والوں کو کل ایک لاکھ 32 ہزار روپے واپس کیے جائیں گے، سرکاری اسکیم کا حج پیکیج اوسطاً 10 لاکھ 32 ہزار روپے رہ گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے ہفتے حجاج کرام کے متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی شروع ہو جائے گی۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حرم میں توسیعی منصوبوں اور رش کے باوجود حجاج کو بہتر سہولیات دینے میں کامیاب رہے۔ 78 فیصد حجاج کرام کو مدینہ میں نزدیک ترین رہائشیں فراہم کی گئیں، 63 فیصد حجاج کو منٰی عرفات میں مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ 47 فیصد حجاج کو اولڈ منیٰ میں خیمے مہیا کیے گئے۔ حج سے قبل تمام سرکاری حجاج کو قربانی کی مد میں 55 ہزار روپے واپس کیے گئے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیکریٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بہترین کام کیا۔ مشکل حالات کے باوجود مذہبی امور کے عملہ نے پاکستان اور سعودی عرب میں انتھک محنت کی۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حج 2024 کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار کا ملکی کوٹہ حاصل کر چکے ہیں۔ خواہش ہے کہ حج اخراجات قسطوں میں لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عازمینِ حج کی جامع تربیت کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply