ویسٹ انڈیز کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 158 رنز کا ہدف:ویسٹ انڈیزکے جیتنے کے چانسز زیادہ

ابوظہبی :ویسٹ انڈیز کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 158 رنز کا ہدف:ویسٹ انڈیزکے جیتنے کے چانسز زیادہ،اطلاعات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیتا اور ویسٹ انڈین کپتان کیرن پولارڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹ پر157 رنز بنائے، کپتان کیرن پولارڈ 44 اور شمرون ہیٹمائر 24 رنزبناکرنمایاں رہے۔

ان کے علاوہ آندرے رسل نے18 ، کرس گیل نے 15 اور ڈوائن براوو نے 10 رنزبنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایڈم زمپا ، مچل اسٹارک اورپیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ آج دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر گروپ ون میں انگلینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے اور جنوبی افریقا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

تاہم گروپ 1 میں ویسٹ انڈیز ، بنگلادیش اور سری لنکا کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب ٹوٹ چکا ہے۔

ادھرویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی بیٹنگ سے مداحوں کو محظوظ تو نہ کر سکے لیکن اس کے باوجود انہیں ہمیشہ ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف گروپ 12 کے لیگ میچ میں رنگ برنگے گلاسز لگا کر بیٹنگ کے لیے آنے والے 42 سالہ کرس گیل جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے دو چھکے لگا کر اس کی جھلک بھی دکھائی لیکن بدقسمتی سے وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

کرس گیل جب آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور جب وہ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے تو اس وقت بھی بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز نے بلا ہلا کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کی اور کھلاڑیوں سے گلے بھی ملے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ یا کرس گیل کی جانب سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان تو تاحال سامنے نہیں آیا ہے تاہم غیر ملکی ویب سائٹ کرک انفو نے سوشل میڈیا پر کرس گیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اختتام پزیر‘۔

کرس گیل 79 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں دو سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 1899 رنز بنا چکے ہیں۔

دو روز قبل ویسٹ انڈین اسٹار آل راؤنڈر اور دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہنے والے ڈیوائن براوو نے بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

Comments are closed.