واٹس ایپ کا صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی پر نظر ثانی کا موقع
معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی پر نظر ثانی کا موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو اپنی مرضی اور اپنے ٹائم فریم کے تحت پالیسی کا جائزہ لینے کی سہولت فراہم کریں گے اور یاد دہانی کے لیے ایک بینر بھی ایپ پر نظر آتا رہے گا۔
باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ واٹس ایپ نئی اور مجوزہ پرائیویسی پالیسی کے لیے صارفین کو نظرثانی کی سہولت فراہم کرنے جا رہا ہے جس کا ٹائم فریم بھی صارف خود طے کرے گا جب کہ شرائط کی وضاحت کے لیے ایپ پر ایک بینر بھی لگایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے پرائیویسی سے متعلق یہ وضاحت ایک ای میل کے جواب میں دی جس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ سہولت 15 مئی تک دستیاب رہے گی اور اس کے بعد شرائط تسلیم نہ کرنے والوں کو راضی کرنے کے لیے بتدریج مطالبہ کیا جائے گا۔
ای میل میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 مئی کے بعد شرائط تسلیم نہ کرنے والے ایپ پر آنے والے میسیجز نہیں پڑھ سکیں گے تاہم انہیں مختصر وقت کے لئے نوٹیفکیشن اور کالز موصول کرنے کی سہولت میسر رہے گی۔
واٹس ایپ انتظامیہ نے ای میل کے مندرجات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے غیرمتحرک کیے جانے والے صارفین کو 15 مئی کے بعد بھی نئی پالیسی یا اپ ڈیٹس کو قبول کرنے کی سہولت دی جائے گی اور ان کے میسجز بحال کردیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے 4 جنوری کو نئی پرائیویسی پالیسی قبول کرنے کے لیے نوٹیفکیشن 8 فروری 2021 تک نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ صارفین کو لازمی شرائط قبول کرنا ہوں گے ورنہ ان کے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیئے جائیں گے جس کے بعد صارفین کے شدید ردعمل نے واٹس ایپ کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا تھا-