سنہرا پیکج.. تحریر:خنیس الرحمٰن

0
52

اللہ رب العزت اپنے بندے سے بہت محبت کرتا ہے. اللہ اپنے بندے کو اپنے قریب کرنے کے مواقع فراہم کرتا رہتا ہے. دوماہ قبل رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمیں عطاء کیا. کمال کا لازوال پیکج تھا. ہم نے رب کو منایا, مناجات کیں, نیک و صالح اعمال کئے لیکن اللہ کہتا ہے میرے بندے بس تو اتنے میں ہی راضی ہوگیا .نہیں بلکہ دس دن کا تجھے مزید پیکج دے رہا ہوں . تو جی ہاں ذی الحجہ کا بابرکت مہینہ آن پہنچا ہے. کل ذی الحجہ کا پہلا دن ہوگا. لیکن سنئے تو سہی انعامات کون سے ہیں.. پیکج میں کیا کیا اللہ نے ہمیں دیا ہے. سب سے پہلے تو اللہ رب العزت ان ایام کی قسمیں کھاتا ہے. اللہ رب العزت سورۃ فجر میں قسم کی دس راتوں کی قسم کھاتے ہیں. تفسیر طبری میں لکھا حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جن دس راتوں کی قسم کھائی ہے ,یہ ذوالحجہ کی پہلی دس راتیں ہیں. پھر ان ایام میں نیک اعمال کرنے والے کے لیے بڑے بڑے انعامات ہیں. ان ایام میں ہر عمل کا دہرا اجر ہے. صحیح بخاری کی حدیث ہے, حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ذوالحجہ کے پہلے دس دنوں میں کیے گئے اعمالِ صالحہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک تمام ایام میں کیے گئے نیک اعمال سے زیادہ محبوب ہیں۔ صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! اگر ان دس دنوں کے علاوہ اللہ کی راہ میں جہاد کرے تب بھی؟ آپ ﷺنے فرمایا: ہاں! تب بھی اِن ہی اَیام کا عمل زیادہ محبوب ہے، البتہ اگر کوئی شخص اپنی جان و مال دونوں چیزیں لے کر جہاد میں نکلا اور ان میں سے کسی چیز کے ساتھ بھی واپس نہ ہوا (یعنی شہید ہوگیاتو یہ افضل ہے)۔اسی طرح اس بابرکت مہینے میں عرفات کا دن بھی اہمیت کا حامل ہے. عرفہ کے دن کی بھی اللہ نے قسم اٹھائی .عرفہ کے دن کے روزے کی بھی بہت اہمیت ہے. حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:”مجھے اللہ تعالی کی ذات سے امید ہے کہ وہ یوم عرفہ کے روزے رکھنے کی صورت میں گزشتہ سال اور اگلے سال کے گناہ بخش دے گا۔اسی مہینے میں سب سے بڑا عمل حج ہے. لیکن کورونا کی عالمی وباء کی وجہ سے کروڑوں مسلمان اس عمل سے محروم ہیں, اللہ رب العزت حالات کو صحیح کرے تاکہ ایک بار پھر حرم کی رونقیں بحال ہوں.

اسی ماہ مقدس میں سب اہم فریضہ اسوہ ابراہیمی پر عمل پیرا ہونا ہے. قربانی کا وہ عظیم دن ہے جس دن سب جانوروں کی گردنوں پر چھری پھیر کر اپنی انا کو قربان کرتے ہیں. اسماعیل علیہ السلام کی یادگار اطاعت و فرمانبرداری کی سنت کو دہراتے ہیں.
باقی اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ ذکر و اذکار کو ترجیح دیں.تکبیرات پڑھیں .ابن عمر اور ابو ہریرہ رضی اللہ عنہما عشرہ ذوالحجہ میں بازار جا کر تکبیرات کہتے، تو لوگ بھی انکی تکبیروں کے ساتھ تکبیرات کہتے۔ عمر بن خطاب، آپکے صاحبزادے، عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما منی کے دنوں میں مسجد، اور خیمہ ہر جگہ بلند آواز سے تکبیرات کہتے، حتی کہ پورا منی تکبیروں سے گونج اٹھتا۔اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کیساتھ ساتھ متعدد صحابہ کرام سے مروی ہے کہ وہ عرفہ کے دن [9 ذوالحجہ]کی نماز فجر سے لیکر 13 ذوالحجہ کی عصر تک پانچوں نمازوں کے بعد تکبیرات کہتے تھے، یہ عمل ان لوگوں کیلئے ہے جو حج نہیں کر رہے.

قارئین! ایک ڈائری یا نوٹ بک لے لیجئے اور ایک ترتیب سے لکھ لیجئے کہ ہم نے اپنے ان دس ایام کو کس طرح سے بہتر بنانا ہے. اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے دے کہ ہم اپنے ان ایام کو بابرکت بناسکیں اور ہمارا یہ پیکج بھی رمضان کے پیکج کی طرح مقبول پیکج ثابت ہو.

Leave a reply