کراچی چڑیا گھر میں ٹھیکیدار نے پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے پر جانوروں کو مزید کھانا دینا بند کردیا ہے۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں ٹھیکیدار نے پیسوں کی عدم ادائیگی پر جانوروں کو کھانا دینا بند کردیا ہے، مناسب غذا نہ ملنے کے باعث شیر اور بندر سمیت کئی جانور لاغر ہوگئے-
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت صرف چند دنوں کی خوراک موجود ہے صورتحال یہ ہی رہی تو جانوروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں خوراک دینے والے ٹھیکیدار نے 22 نومبر سے خوراک دینا بند کردی ہے، ٹھیکدار نے چڑیا گھر پر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جانوروں کو خوراک دینے کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہوگی۔
اس ضمن میں ٹھیکیدار کا کہنا ہے اسے چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے چار ماہ سے رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس کے باعث وہ کھانا فراہم نہیں کررہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ جانوروں کےلئے مناسب خوراک موجود ہے۔