وزیر اعظم آزادکشمیر کی گالی آڈیوٹیپ لیکس انتہائی شرمناک ہے مستعفی ہوں‌.سردارعتیق احمدخان

0
139

مظفرآباد( شفقت حسین)سربراہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی آڈیولیکس کو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے 13مئی سے آزادکشمیر بھر میں عزت بچاﺅ تحریک کا اعلان کردیا۔تمام ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹرز اور پریس کلبوں کے سامنے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر وزیراعظم کے خلاف احتجاج مظاہرے کیے جائیں گے۔فاروق حیدر فوری طورپر مستعفی ہوکر قوم سے معافی مانگیں اور اپنا بوریا بستر گول کریں۔شہباز شریف فاروق حیدر کو صدارت سے فارغ کر کے پاکستان طرز پر نائب صدور وں کا اعلان کریں۔آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کا قیام نظریاتی دہشتگردی کے لیے تھا وقت نے ثابت کیا کہ یہ بات درست ثابت ہوئی۔گزشتہ روز سینٹرل پریس کلب میں سابق سینئر بیوروکریٹ اور کالم نگار سردار سلیم چغتائی کی مسلم کانفرنس میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد نے کہا کہ سردار سلیم چغتائی ایک موثر شخصیت ہیں جن کی شمولیت سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔انہیں خوش آمدید کہتا ہوں،سردار سلیم کا شامل ہونا مسلم کانفرنس کے لیے نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے کشمیری عوام کو جمہوری شعور دیا ۔گلگت بلتستان کو آزادی دلوائی،قرارداد الحاق پاکستان پیش کر کے کشمیریوں کو ان کے مستقبل کے فیصلے کا حق دیا۔لارڈ ماﺅنٹ بیٹن سے لے کر آج تک مسلم کانفرنس کی حیثیت مسلمہ ہے آج مقبوضہ کشمیر میں الحاق پاکستان کے حامی اور خود مختار پاکستان کے حامی دونوں ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھاکر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں۔یہی مجاہد اول کا پیغام تھا جو مقبوضہ کشمیر کے بچے بچے تک پہنچ چکا ہے یہی ہماری کامیابی ہے۔آزادکشمیر اس وقت بدترین دور سے گزر رہا ہے ،خواتین ،علماءاور بڑے قدر آور شخصیات کی کوئی عزت نہیں کی جارہی۔وزیراعظم کی آڈیولیک میں خواتین کو نازیبا گالیاں دی گئیں جس کی مذمت کرتے ہیں اور یہ قابل مواخذہ ہے جبکہ سردار سکندر حیات جیسے قد آور شخصیت کو مردہ گھوڑا اور ستر سال سے سیاست میں حصہ لینے والے بزرگ وزیر راجہ عبدالقیوم کا پائپ چورکہا گیا جبکہ مولوی کا بیٹا کہہ کر ایک نوجوان کو گالی دی یہ علماءکی توہین ہے جس کے خلاف صرف مسلم کانفرنس ہی نہیں عنقریب خواتین،تاجران ،علماءاور وکلاءبھی سڑکوں پر نکلیں گے۔فاروق حیدر کی حکومت میرٹ اور انصاف کا قتل عام کررہی ہے مگر جس دن سنٹرل پریس کلب کے سامنے مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی کی خواتین نے عزت بچاﺅ نعرے کے تحت وزیراعظم کے خلاف جلوس نکالے اسی دن ریاست میں بھونچال پیدا ہونا چاہیے تھا آج بچاﺅ بچاﺅ کے نام سے دھرنے اور مظاہرے کرنے والوں کو عزت بچاﺅ کے لیے نکلنا چاہیے۔ڈیم راتوں رات نہیں بنتے بلکہ سال لگتے ہیں نیلم جہلم پراجیکٹ کا پہلا سروے 1963ءمیں ہوا تھا جب میں نے 600منی ڈیمز بنانے کا منصوبہ دیا تو اس وقت بھارت نیلم جہلم کے خلاف سازشیں کررہا تھا۔ایک طرف منظور پشتین پاکستان کے خلاف زبان استعمال کررہا ہے اور دوسری طرف چند لوگ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں جو افسوسناک ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد وزیراعظم آزادکشمیر کی دیگر آڈیولیکس منظر عام پر آئیں گی جس میں وہ خواجہ فاروق اور حنیف اعوان کے ساتھ گفتگو میںنہایت شرمناک انداز اپنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خفیہ اداروں کو آزادکشمیر کے معاملات پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور ٹیلفونوں سمیت تمام معاملات کو مانیٹر کرنا چاہیے جس نے بھی وزیراعظم کا ٹیلیفون ٹیپ کیا اسے خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ اسے داد تحسین کے طورپر سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا چاہیے۔آج مسلم لیگ ن میں بیٹھی خواتین سے کہتا ہوں کہ وہ کس حالت میں جماعت کے اندر بیٹھی ہیں اور وزراءسے کہتا ہوں کہ وہ اس شرمناک آڈیو ٹیپ کے بعد کس حیثیت سے کابینہ میں بیٹھے ہیں اور برداشت کررہے ہیں۔آزادکشمیر میں شرافت کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے جب گھر کا سربراہ ہی لوگوں کی عزت تار تار کرنے لگ جائے تو باقی کیا عالم ہوگا۔آزادکشمیر کا پانی کسی نے نہیں روکا یہ ہندوستان نے روکا ہے ہندوستان کے خلاف مظاہرے کرنے چاہئیں۔حکومت پاکستان کو آزادکشمیر کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔یہ مسلم لیگ ن کی خصلت ہے کہ اس نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے آزادکشمیر کو تختہ مشق بنائے رکھا۔رکن اسمبلی کی حیثیت سے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ آزادکشمیر کے معاملات کے مداخلت نہ کرے۔مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت جاری ہے اقوام متحدہ میرواعظ عمر فاروق،سید علی گیلانی سمیت پوری کشمیری قیادت سے سکیورٹی واپس لینے کا نوٹس لے کر انہیں سکیورٹی فراہم کرے۔بھارت نے کئی کشمیری قائدین سے سکیورٹی لے کر انہیں شہید کیا ہے اب کی بار بھی سانحہ ہوسکتا ہے اس لیے اقوام متحدہ اپنی سکیورٹی فراہم کرے۔سردار عتیق احمد خان نے پاکستان اور آزادکشمیر کے تاجروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپ طرز پر رمضان المبارک میں قیمتوں میں کمی کریں حالانکہ یورپ میں غیر مسلم آبادہیں مگر وہ جذبہ خیر سگالی کے تحت مسلمانوں کے لیے قیمتوں میں تخفیف کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ فاروق حیدر نے آڈیو میں مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والی نصرت درانی کا نام لے کر انہیں گالیاں دیں اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر شدید افسوس ہے۔نصرت درانی وہ خاتون ہیں جنہوں نے مسلم لیگ ن کو آزادکشمیر بھر میںکامیاب کرنے میں اپنا کردار اداکیا اور آج وزیراعظم ان کا نام لے کر انہیں نازیبا گالیاں دے رہے ہیں جو کہ شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں کے بارے میں کہا جارہاہے کہ آڈیو لیک کی تو بتایا جائے کہ جلسوں میں خراٹے لے کر سونے اور یورپ میں غلط جگہوں پر بیٹھنے کی جو ویڈیو وائرل ہوتی رہیں وہ کون کرتا رہا۔آزادکشمیر کا سا را انتظام پاکستان کے پاس ہے اور اقوام متحدہ نے اسے یہ اختیار سونپ رکھا ہے۔وزیراعظم کی حرکات کسی صورت ناقابل معافی ہیں و ہ فوراً مستعفی ہوں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے اسمبلی فورم پر لے جایا جائے گا۔آج کابینہ کے اہم وزراءاور سردار سکندر حیات خود وزیراعظم پر عدم اعتماد کرچکے ہیں۔فاروق حیدر بتائیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی وحشت اور بربریت کے وقت ان کی والدہ جواں سال بیگم راجہ حیدر خان نے کس طرح خواتین کے حقوق کے ساتھ مردوں کے حقو ق کا بھی تحفظ کیا اور آزادکشمیر میں مثال قائم کی۔فاروق حیدر کو اور کسی کا نہیں اپنی والدہ کا ہی خیال رکھنا چاہیے تھا۔فاروق حیدر کی گفتگو کسی وزیراعظم کی نہیں کسی مدہوش شخص کی گفتگولگ رہی ہے اور ایک چھوٹے ملازم ڈرائیور کو دو ٹکے کا کہہ کر پورے ڈرائیور طبقے کی توہین کی گئی ہے اور اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور یہ وہی ڈرائیور ہے جس نے پورے مظفرآبادشہر میں ہر گاڑی پر فاروق حیدر کے سٹیکر لگاکر اس کی کمپین چلائی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ علم نہیں کہ آڈیو لیک وزیراعظم ہاﺅس سے لیک ہوئی ہے یا کسی وزیرکے گھر سے جس نے بھی کی خراج تحسین کا مستحق ہے۔

Leave a reply