فیصل آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد

0
29

فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جس میں محکمہ تعلیم کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین نے انسداد ڈینگی کے موضوع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مندر روڈچنیوٹ میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ای او سکینڈری / فوکل پرسن رائے ارشاد‘ مختلف سکولوں کی ہیڈ مسٹریس روبینہ چوہدری‘ رفعت اسماعیل‘ سعدیہ شہاب‘ ٹیچرز مس طاہرہ‘ مدثر نذر اور بڑی تعداد میں محکمہ تعلیم کے دیگر افسران و سٹاف کے ارکان موجود تھے۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کو اجاگر کرنے کے لئے تمام محکموں و طبقات نے مل جل کر کام کرنا ہے اور محکمہ تعلیم کو اپنے حصے کا کردار واضح طور پر اداکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول کھلنے سے قبل سکولوں کی عمارتوں کی چھتوں‘ واٹر پمپس و پانی کی ٹینکیوں کی جگہوں‘ لان اور دیگر تمام حصوں کو اچھی طرح چیک کرکے معیاری صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں کیونکہ بارشوں کے باعث کسی جگہ پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے ضلع کے تمام سکولوں کا معائنہ کرکے صفائی ستھرائی کا خود جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کو بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کاپابندبنایا جائے اور ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق احساس کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم میں ان کی بھرپور معاونت حاصل کریں۔ ڈی ای او سکینڈری رائے ارشاد نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی بے حد ضروری ہے لہذا سکولوں میں اسمبلی کے وقت طالب علموں کو احتیاطی تدابیر سے ضرور آگاہ کریں تاکہ وہ اس پیغام کو اپنے گھروں تک پہنچائیں۔ سیمینار سے مختلف سکولوں کی ہیڈمسٹریس‘ ٹیچرز‘ سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لئے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہئے اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھروں میں صفائی ستھرائی‘ اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کی ممکنہ جگہوں سے پانی کو خشک کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں پر کاٹھ کباڑ اور ایسے برتن نہ رکھیں جن میں پانی جمع ہو سکتا ہو جوکہ ڈینگی لاروا کی پیدائش کا باعث بنتا ہے۔سیمینار میں کمپیرنگ کے فرائض مس طاہرہ نے انجام دئیے جبکہ طالبات نے انسداد ڈینگی کے پیغام پر مبنی نغمہ اور ٹیبلو پیش کیا.

Leave a reply