10رمضان المبارک کو یومِ باب الاسلام حکومتی سطح پر بھرپور طریقے سے منایا جائے : جماعت اسلامی

0
28

جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے دس رمضان المبارک یوم باب الاسلام سرکاری سطح پربھرپور طریقے سے منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ باب الاسلام ہے،10رمضان المبارک کا دن یومِ باب الاسلام اور سندھ میں اسلامی حکومت کے قیام کا دن ہے، برصغیر کی تاریخ میں 10رمضان کی بڑی اہمیت ہے، پاکستان کی بنیادیں 10رمضان کو پڑیں جب محمد بن قاسم کی آمد پر سندھ کوباب الاسلام کا درجہ ملا اورسندھ کے لوگ مسلمان ہوئے اور اجتماعی معاشرے کی طرف پیش قدمی ہوئی، جماعت اسلامی کے تحت 10رمضان کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یومِ باب الاسلام بھرپورجوش جذبے کے ساتھ منایاجائے گا، جس میں سیمینار، جلسہ، مذاکرے اور اجتماعات منعقد ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباآڈیٹوریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی رہنمامولانا حزب اللہ جکھرو، محمد مسلم ،پروفیسراسحاق منصوری اور مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
ایک سوال کے جواب میں محمد حسین محنتی نے کہاکہ ریاست مدینہ طرزحکومت قائم کرنے کی دعویدار حکومت کو تحفط ناموس رسالت پرعملی ثبوت دیتے ہوئے فرانس کے سفیرکو ملک بدراورمعافی مانگنے تک فرانس سے سفارتی تعلقات معطل کئے جائیں۔صوبائی امیر نے کہاکہ 10رمضان اسلامی حکومت کے قیام کا دن ہے،محمد بن قاسم ایک مظلوم بہن کی پکار پر سندھ آکر نہ صرف اس کو ظالم حکمران سے آزادی دلائی بلکہ سندھ میں ظلم وجبر اور بادشاہت کا نظام ختم کرکے اسلامی اصولوں پر مبنی پہلی اسلامی حکومت قائم کی۔
جس کی وجہ سے لوگوں کو ہندو مسلم بلاتفریق انصاف، حقوق،خوشحالی وترقی ہوئی اسی کے ساتھ ساتھ کسی کو بھی جبرا مسلمان نہیں کیا گیا۔محمد بن قاسم کی مدبرانہ صلاحیتوں کی وجہ سے مسلمانوں کو کامیابی نصیب ہوئی،محمد بن قاسم محسن سندھ ہیں جس کی جرات وبہادری اور صلاحیتوں کی وجہ سے سندھ کو باب الاسلام کا درجہ اور پھر پورے برصغیر میں اسلام کی روشنی پھیلی۔
آج فلسطین سے لیکر کشمیر وافغانستان تک مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، ہر طرح سامراجی قوتوں اور ان کے آلہ کار ٹولے نے ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، اسلئے آج ایک بار پھر دنیا کو محمد بن قاسم اور طارق بن زیاد ،صلاح الدین ایوبی جیسے سپہ سالاروں کی ضرورت ہے جو ظالموں اور ظلم کے اس نظام کو ختم کرکے عدل وانصاف کا اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کریں۔
مرکزی رہنمالیاقت بلوچ حیدرآباد،راشد نسیم کراچی،اسداللہ بھٹو نواب شاہ، ڈاکٹر معراج الہدی ٹنڈوالہار،محمد حسین محنتی میرپورخاص،کاشف سعید شیخ جیکب آباد، ممتاز حسین سہتو شہدادکوٹ،نظام الدین میمن جندودیرو شکارپور،حافظ نصراللہ عزیز کراچی، مولانا عبدالقدوس احمدانی عمرکوٹ اور نواب مجاہد بلوچ شہدادپور میں یومِ باب الاسلام کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی ایک عالمگیر تحریک ہے جو کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے، ہم اسلامی اقدار ونظریہ پاکستان اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔صوبائی امیرنے زوردیاکہ حکومت سندھ اللہ اور اس کے رسول کے شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائے اگر لوگوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا تو پھر حکومت کچھ نہیں کرسکے گی۔

Leave a reply