غزہ میں زمینی آپریشن میں مزید 4 افسران سمیت7 اسرائیلی فوجی ہلاک

زمینی آپریشن میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 104 ہوگئی
0
145

مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں زمینی آپریشن میں مزید 4 افسران سمیت7 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے-

باغی ٹی وی: اسرائیل نے 27 اکتوبر کو غزہ میں زمینی آپریشن شروع کیا تھا اور اب تک اسے مجاہدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہےزمینی آپریشن میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،اسرائیلی افواج نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں 4 افسران سمیت 7 فوجی مارے گئے ہیں جس کے بعد زمینی آپریشن میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 104 ہوگئی، زخمی فوجیوں میں سے 133 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب مزاحمتی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے اندرونی علاقوں میں داخل ہونے والی اسرائیلی فوج سے دو بدو لڑائی جاری ہے اور اسرائیل کے فیلڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مارٹر گولوں، دھماکا خیز آلات سے نشانہ بنایا ہے اسرائیلی فوج کی 44 گاڑیاں تباہ اور 40 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

قبل ازیں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نےکہا تھا کہ اسرائیل طاقت سے اپنا کوئی یرغمالی رہا نہیں کراسکتا،فوجی طاقت سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرایا جا سکتا۔

ایک بیان میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی کابینہ مذاکرات کیے بغیر اپنے یرغمالیوں کو رہا نہیں کراسکتی، اسرائیلی یرغمالی کی ہلاکت طاقت کے زور پر رہا کرانےکی کوشش کا نتیجہ ہے،گزشتہ 10 روز میں غزہ میں ہمارے لوگوں نے 180 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کیا ہے، جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہماری مزاحمت جاری رہےگی انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے لوگوں کی حمایت اور جنگ بندی کے لیے احتجاج جاری رکھیں۔

Leave a reply