لاہور:دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا:آج موسم کیسا رہےگا؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

0
46

لاہور: دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا۔ آج بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے امکانات ظاہر کر دئیے۔

شہریوں کا خوب امتحان لینے کے بعد دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ پیر کی طرح آج بھی لاہور میں بادلوں کی موجودگی اور ہوا نے گرمی کو پچھلے قدموں پر دھکیل دیا ہے۔ آج بھی شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ماہرین موسم اِس وقتی کروٹ کو نعمت قرار دے رہے ہیں۔

ایک طرف سے اگر دوسری ہیٹ ویو کمزور پڑ گئی ہے تو دوسری جانب تیسری ہیٹ ویو بھی آنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ سے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں جو زیادہ شدید ہوگی۔ خدشہ یہ بھی ظاہرکیا جا رہا ہے کہ آنے والے سالوں کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم گرم جبکہ ملک بھر میں دن کے درجہ حرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ آندھی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گردآلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہےگا جبکہ بالائی اور وسطی اضلاع میں شدید گرم رہے گا۔اسکے علاوہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

Leave a reply