پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ اداکاری فن کا وہ حصہ ہے جسے صرف ایک قسم یا ایک ملک تک محدود نہیں ہونا چاہیے امید ہے ایک دن پاکستان اور بھارت کے درمیان چیزیں بہتر ہوں گی
باغی ٹی وی :پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ امید ہے ایک دن پاکستان اور بھارت کے درمیان چیزیں بہتر ہوں گی بھارتی اداکار عرفان خان کے انتقال کے بعد بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر نے اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ہندی میڈیم کے سیٹ پر گزارے وقت کی یادیں شیئر کیں
صبا قمر نے کہا کہ میں عرفان خان کی موت پر بہت اداس ہوں میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے وہ واقعتاً ایک بہت بڑے اور عظیم اداکار تھے ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک ’فین مومنٹ‘ رہا
صبا قمر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اداکاری درحقیقت خیالی حالات میں سچے انداز میں برتاؤ کرنا ہے اور میں نے یہی چیز عرفان خان میں دیکھی تھی
پاکستانی اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ عرفان خان کے ساتھ ہوتی تھیں تو اس وقت کوئی لمحہ ایسا نہیں گزرا جس میں خاموشی ہو عرفان خان ہمیشہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے رہتے تھے اداکارہ نے بتایا کہ عرفان خان مجھے نئی چیزیں سیکھنے پر مجبور کرتے تھے اور مجھے مفید مشورے بھی دیتے تھے
ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے صبا قمر نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران جب میں ایک کمرے میں داخل ہوئی تو عرفان اندر بیٹھے ہوئے تھےانہوں نے مجھے دیکھ کر گانا گانا شروع کردیا
انڈیا میں مداحوں سے ملنے والی محبت سے متعلق صبا قمر کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان چیزیں بہتر ہوجائیں گی
صبا قمر کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اداکاری فن کا وہ حصہ ہے جسے صرف ایک قسم یا ایک ملک تک محدود نہیں ہونا چاہیےاور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی
واضح رہے کہ صبا قمر نے بھارتی ورسٹائل اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ہندی میڈیم سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا اور ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا اور پاکستان میں توان کے لاکھوں مداح تھے ہی بالی وڈ میں فلم کے بعد سرحد پار بھی ان کے مداحوں میں اضافہ ہو ا-