معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی کورونا وائرس کی بدترین صورتحال سے دوچار بھارتی عوام کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
باغی ٹی وی :بھارت کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا کا قہر جاری ہے اور اس میں کمی کے بجائے دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بھارت اس وقت دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے-
بھارت کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی جبکہ آج وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پاکستان بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں ہیش ٹیگ PakistanStandWithIndia# اور PakistanWithIndia# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہے اور عوام کی جانب سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے کورونا کے جلد مکمل خاتمے کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں جن میں پاکستانی شوبز ستارے بھی شامل ہیں-
Hearing of an alarming situation in India but touched to see #PakistanStandsWithIndia trending. You are constantly in our prayers India. Humanity is the biggest religion.
— Faysal Quraishi (@faysalquraishi) April 24, 2021
فیصل قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی بےقابو صورتحال کے بارے میں سُن کر بہت افسوس ہوا۔
اداکار نے لکھا کہ بھارت کے اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی جانب سے یہ ہیش ٹیگ چلانا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، اس نے میرا دل چُھولیا۔
اُنہوں نے بھارتی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ آپ ہماری تمام دُعاؤں میں شامل ہیں۔
فیصل قریشی نے مزید لکھا کہ انسانیت ہی سب سے بڑا مذہب ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اداکارہ نوربخاری ، بشریٰ انصاری ، علی ظفر ، احمد علی بٹ اور شہریار منور نے بھی پڑوسی ملک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا-