سی اے اے کی زمین کی منتقلی،تحقیقات کیلئے 5 افسران کی طلبی

0
58

جناح انٹرنیشل ایئر پورٹ کے قریب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی زیر ملکیت دو ایکڑ سے زائد اراضی کی مبینہ منتقلی کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اراضی منتقلی کی تحقیقات کیلئے 5 سی اے اے افسران کو آج طلب کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج طلب کیے گئے 5 افسران سمیت11 افسران کو متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ بیانات کے لئے 7 سے 9 ستمبر کے درمیان طلب کیا گیا تھا۔

مذکورہ 5افسران مقررہ تاریخ پر بیان ریکارڈ کرانے ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے تھے، پیش نہ ہونے والوں میں سید محمد علی، ناصر شیخ، کاشف علی ہاشمی، حنیف اورکزئی اور زرین گل شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے میں جاری انکوائری کا معاملہ سال2001 میں دو ایکڑ سے زائد اراضی کی مبینہ منتقلی سے متعلق ہے۔

سرکاری اراضی کی مبینہ منتقلی تحقیقات میں طلب کئے جانے والوں میں ریٹائرڈ افسران سمیت حالیہ اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق طلب کیے جانے والے افسران اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، کمرشل اور سی اے اے ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

Leave a reply