کورونا وائرس صورتحال: مزید دو مریض جاں بحق اور 314 دیگر متاثر

0
40

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے مزید 2مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4523 ہوگئی ہے اور 8448 ٹیسٹ کئے جانے پر 314 نئے کیسز سامنے آئے۔ یہ بات وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہاس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید دو مریضوں نے اپنی جان گنوا دی جس سے ہلاکتوں کی تعداد 4523 تک ہہنچ گئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.7 فیصد ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 8448 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 314 کیسز کا پتہ چلا جوکہ موجودہ تشخیصی شرح کا 3.7 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 3378701 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن کے نتیجے میں 268283 کیسز کی تشخیص کی گئی ان میں سے 96 فیصد یعنی 257593 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے والے 271 مریض بھی شامل ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ اس وقت 6167 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 5525 گھروں میں، 12 آئسولیشن مراکز میں اور 330 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 303 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 38 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 314 نئے کیسوں میں سے 165 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 76، ضلع جنوبی 47، ضلع وسطی 21، ضلع ملیر 9، ضلع غربی 8 اور ضلع کورنگی 4 کیسز ہیں ۔ وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

Leave a reply