کراچی میں ڈاکوراج ، پولیس اہلکار شہید، چند گھنٹوں میں چار شہری زخمی

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی غلہ منڈی میں مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن اور نیو کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے لانڈھی غلہ منڈی میں مسلح افراد کی موجودگی پر پولیس کی جانب سے ایکشن لیا گیا، اہلکا موقع پر پہنچے تو مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے حمزہ نامی اہلکار زخمی ہوا اور جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکارکی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت بھی کی۔

پولیس حکام کے مطابق 6 ملزمان موٹرسائیکل پر شہریوں سے لوٹ مارکر رہے تھے، اس دوران پولیس پارٹی وقوعہ پر پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ سے پولیس اہلکار ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

پولیس نے شہریوں کی وجہ سے براہ راست فائرنگ سے اجتناب کیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے، جسے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

ایس ایس پی لانڈھی زبیر تنولی نے جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرارہو رہے تھے، جس پر موٹرسائیکل سوار اہلکاروں نے تعاقب کیا اور انہیں روکنے کے لیے فائرنگ بھی کی، ملزمان کی جوابی فائرنگ سے حمزہ زخمی ہوا اور خون بہہ جانے کی وجہ سے دم توڑ گیا۔

زبیر تنولی نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے چھوڑا گیا اسلحہ اور موٹرسائیکل کو قبضے میں لے لیا جبکہ جائے وقوعہ سے خول سمیت دیگر شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں۔ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں فائرنگ سے دو جبکہ ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، ذرائع کے مطابق دونوں واقعات ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آئے۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن میں صابری چوک پر بھی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا۔

 

 

Comments are closed.