کورونا کی نئی قسم انتہائی خطرناک پاکستان نے ہانگ کانگ سمیت 6 افریقی ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی

Corona

اسلام آباد:کورونا کی نئی قسم انتہائی خطرناک پاکستان نے ہانگ کانگ سمیت 6 افریقی ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی،اطلاعات کے مطابق پاکستان نے کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد 6 افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد 6 افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے ٹویٹر پر نوٹیکفیشن جاری کر دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، نمیبیا، بوٹسوانا، لیسوتھو ، موزمبیق ، اسواتینی شامل ہیں۔

 

این سی او سی نے ٹویٹر پر لکھا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ سامنے آنے کے بعد ان ممالک کو کیٹیگری سی میں شامل کر لیا گیا ہے اور ان ممالک سے براہ راست / بالواسطہ اندرون ملک سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ان ممالک سے پاکستان سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں ہی آنے کی اجازت ہوگی، شہریوں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اور بورڈنگ سے 72 گھنٹے پرانا کورونا منفی ٹیسٹ لازمی ہوگا۔ آنے والے مسافروں کے لیے ریپڈ ٹیسٹ بھی لازمی ہوگا، ٹیسٹ تیسرے روز سول ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کیا جائے گا، پازیٹو آنے کی صورت میں مسافروں کو مزید 10 روز کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا، پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مدد کے لیے 5 دسمبر تک شہریوں کو داخلے پر استشنی ہوگا، سول ایوی ایشن حکام 29 نومبر تک متعلقہ ممالک سے آنے والے مسافروں کی فہرست مرتب کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) اسد عمر نے ٹویٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا بھر میں نیا کورونا وائرس کا ویرینٹ آنے کے بعد 6 جنوبی افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

 

انہوں نے مزید لکھا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد ضروری ہو گیا ہے کہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو جلد از جلد ویکسین لگائی جائے۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہِ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی منظرعام پر آنے والی نئی قسم انتہائی ‘باعثِ تشویش‘ ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔ کورونا کی اس نئی قسم کو اومیکورن کا نام دیا گیا ہے اور اس کے پہلے کیسز جنوبی افریقا میں دریافت کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کا تیزی سے منتقل ہونے والا نیا ویرینٹ رپورٹ ہونے کے بعد کئی ممالک نے جنوبی افریقا سمیت مختلف افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

 

 

Comments are closed.