صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زراعت کے شعبہ میں پانی کے مفید اور بہتر استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے لئے چین کی مہارت اور تجربہ سے استفادہ کر سکتا ہے،
ڈنڈے اٹھائے گئے تو ریاست بھی اقدامات کرے گی، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زراعت کے شعبہ میں پانی کے مفید اور بہتر استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے لئے چین کی مہارت اور تجربہ سے استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور مفادات سے بالا ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وہ بدھ کو یہاں پاکستان چائنہ ایگری کلچرل فورم 2019ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام، پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ، وفاقی سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق محمد ہاشم پوپلزئی اور چائنہ مشینری اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن کے چیئرمین ژانگ چن نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کی ضروریات کے پیش نظر پانی کے مفید استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمارے ہاں کاشتکاری کے لئے پانی کا بہتر استعمال نہیں ہو رہا، اس حوالے سے موجودہ طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بہتر انتظام کے ذریعے فصلوں کے لئے درکار پانی میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قیمت کا تعین کرنا ضروری ہے، زرعی پیداوار اور معیار میں اضافے کے لئے بہتر ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ چین کی طرز پر اچھا بیج بھی استعمال کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے زراعت کے شعبہ میں انسانی وسائل کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ میں ہم چین کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کر سکتے ہیں، ہمیں فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے علاوہ انہیں ذخیرہ کرنے کے لئے بھی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا،
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا باسمتی چاول اور آم عالمی شہرت کے حامل ہیں اور پوری دنیا میں ان کی مانگ ہے، ہمیں پیداوار میں اضافے کے ساتھ ویلیو ایڈیشن پر بھی توجہ دینا ہو گی کیونکہ صرف خام مال کی بنیاد پر برآمدات میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان زراعت سمیت ہر شعبہ میں چین کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات دیرینہ اور مفادات سے بالا ہیں، چین نے کشمیر سمیت تمام امور پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک ایک بڑا اہم منصوبہ ہے، اس حوالے سے ہماری سمت درست ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان چائنہ ایگری کلچرل فورم کے اہتمام پر منتظمین کو سراہا اور کہا کہ اس کے تحت پاکستان اور چین ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان زراعت کے شعبہ میں چین کے علم، تجربہ اور مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ تقریب کے دوران صدر مملکت نے پاکستان چائنہ ایگری کلچرل فورم 2019ء کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔ آخر میں صدر مملکت کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی،