لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے آرڈیننس جاری کر کے نہایت غیر قانونی کام کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی سے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب میں آئینی بحران کے حوالہ سے تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے آرڈیننس جاری کر کے نہایت غیر قانونی کام کیا ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے سب سے بڑے جمہوری ادارے پنجاب اسمبلی کو نقصان پہنچایا، گورنر کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے اختیارات کو سلب کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے علاوہ کسی اور جگہ اجلاس بلانے کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں جیسے مہمانوں کی گیلری میں الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں، اسمبلی سے باہر غیر آئینی اجلاس سیکرٹری پنجاب اسمبلی اور سٹاف کے بغیر اجلاس طلب کر کے غیر قانونی کام کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کے مطابق اسپیکر کا طلب کردہ اجلاس اسپیکر ہی ختم کر سکتا ہے، کسی اور کے پاس اسپیکر کے طلب کردہ اجلاس کو ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے، اسپیکر کے ہوتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کے پاس اجلاس کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔
پنجاب میں سیاسی اور آئینی بحران تیزسے تیز تر ہورہا ہے ادھر آج گورنرپنجاب نے ایوان اقبال میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا،اطلاعات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا طلب کردہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ایوان اقبال میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایوانِ اقبال میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئیں، بجٹ اجلاس میں آج دوسرے روز بجٹ پر بحث ہوگی، اپوزیشن اور ق لیگ نے ایوانِ اقبال میں طلب اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی دوست محمد مزاری کریں گے، ایوانِ اقبال میں پولیس نے سیکیورٹی محاز سنبھال لیا، حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات ناکام ہونے پر گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایوانِ اقبال میں طلب کیا۔
گورنر پنجاب نے ایوان اقبال کو اسمبلی قرار دے رکھا ہے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس پیر کو ہوگا، اپوزیشن کے ایوانِ اقبال میں بائیکاٹ کے باعث بجٹ پر کٹوتی کی تحریک پیش نہیں کر سکیں گے۔