3 کروڑروپے والا ‘الہٰ دین کا چراغ ‘ ڈیڑھ کروڑمیں بیچ دیاگیا

0
59

نئی دہلی :ڈاکٹر کو3 کروڑروپے والا ‘الہٰ دین کا چراغ ‘ ڈیڑھ کروڑمیں بیچ دیا ،اطلاعات کے مطابق بھارت میں نوسربازوں نے ایک ڈاکٹر کو بے وقوف بنا کر ڈیڑھ کروڑ (پاکستانی) روپے میں الہٰ دین کا چراغ بیچ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا ہے جہاں ایک ڈاکٹر لئیق خان نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ دھوکے بازوں نے اسے ‘جعلی’ الہ دین کا چراغ فروخت کیا ہے۔

پولیس نے ڈاکٹر کی شکایت پرکارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ پولیس حکام کے مطابق دھوکہ دہی میں ملوث ایک شخص کی بیوی فرار ہوگئی ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق جادوئی چراغ اور اس میں موجود جن سے متعلق معلوم ہونے پر ڈاکٹر لئیق خان کی جانب سے چراغ کے جن کو چھونے اور چراغ کوگھر لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا جس پر ملزمان نے منع کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا ان کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر لئیق خان کی جانب سے جب مذکورہ جادو کا چراغ خریدنے کی پیشکش کی گئی تو ملزمان کی جانب سے ابتداء میں انکارکیا گیا تاہم ڈاکٹر کی جانب سے اصرار پر انہوں نے چراغ کی قیمت 3 کروڑ روپے تک لگائی اور بالآخر ملزمان ڈیڑھ کروڑ میں چراغ کی فروخت پر راضی ہوگئے۔

ڈاکٹر لئیق خان کے مطابق چراغ خریدنے سے قبل انہیں چراغ رگڑ کر اس کا جن بھی دکھایا گیا تھا اور ملزمان نے اسے کہا تھا کہ اس چراغ کی بدولت اسے خوشحالی، صحت اور دولت نصیب ہوگی تاہم چراغ کی قیمت ادا کرنے کے بعد گھر جا کر جب انہوں نے اسے رگڑا تو کچھ نہیں ہوا اور نہ ہی جن برآمد ہوا۔پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمان اسی طرح کی شعبدہ بازیوں کے ذریعے پہلے بھی کئی افراد کو بے وقوف بناکر لوٹ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ قدیم لوک کہانیوں میں ‘الہ دین کا چراغ’ ایک ایسا چراغ ہے جسے رگڑنے سے اس میں سے جن برآمد ہوتا ہے جو کہ چراغ رگڑنے والے کے تابع ہوتا ہے اور اس کی خواہشات پوری کرتا ہے۔

Leave a reply