حب ڈیم سے اضافی پانی کو اسپل ویز کے ذریعے محفوظ طریقے سےخارج کیا جا رہا ہے

0
60

واپڈا کے جی ایم پراجیکٹس کا کہنا ہے کہ حب ڈیم مکمل طور پر محفوظ ہے-

باغی ٹی وی : جی ایم پراجیکٹس کا کہنا ہے کہ حب ڈیم پر واپڈا کی ٹیم چوکس ہے اور آنے والے پانی کو مانیٹر کر رہی ہے حب ڈیم مکمل طور پر محفوظ ہے اور ڈیم میں آنے والے اضافی پانی کو محفوظ طریقے سے خارج کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی اور بلوچستان کے علاقوں کو پانی فراہم کرنے والے بلوچستان کے حب ڈیم میں پانی کی سطح مکمل بھر جانے کے نمبر 339 فٹ سے بھی ساڑھے 3 فٹ بلند ہو گئی۔

واپڈا ذرائع کے مطابق پیر کی رات حب ڈیم میں سطح آب 342 سے 343 فٹ کے درمیان تھی، یہی وجہ ہے کہ اسپل ویز سے پانی کافی تیزی سے خارج ہو رہا ہے اور ندی میں سیلابی صورتحال ہے، اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے باعث حب ندی کے اطراف کی آبادیوں سے لوگوں کا انخلا کرنا پڑا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سندھ سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بارش کا امکان ہےاس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برس سکتے ہیں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کومدنظررکھ کرسفرکریں اورسفرکے دوران مزید محتاط رہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشیں جاری ہیں جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے سیلابی ریلوں سے بیشتر رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں جبکہ اہم شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 127 ہوگئی ہے۔

Leave a reply