نئی دہلی :خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان ’آسانی‘ کا آج شب اندھرا پردیش اوراڑیسہ سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق خلیج بنگال میں اٹھنے والا سمندری طوفان ’آسانی‘ تیز ی سے بھارتی ریاستوں اندھرا پردیش اور اڑیسہ کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔اڑیسہ کی حکومت نے محکمہ موسمیات کی وارننگ کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سمندری طوفان آج شب تک شمال مغرب کی طرف بڑھنے اور شمالی اندھرا پردیش اور اڑیسہ کے ساحلوں سے ٹکرائے گا جس کے بعد مغربی وسطیٰ اور ملحقہ شمال مغربی خلیج بنگال کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سمندری طوفان شمال مشرق کی طرف مڑ سکتا ہے اور اس کے اڑیسہ کے ساحل کے قریب خلیج بنگال کے شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جناب سمندری طوفان کا اگلے 24 گھنٹوں میں بتدریج کمزور ہونے کا بھی امکان موجود ہے جبکہ اڑیسہ کے ساحلی علاقوں میں 7سے 11سینٹی میٹر تک بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یاد رہے چند دن پہلے فلپائن میں بھی بہت سخت سمندری طوفان آیا تھا ،فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 افراد ہلاک ہوگئےتھے جبکہ متعدد افراد زحمی ہوگئےتھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں سے کئی افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ نے وسطی صوبے لیتی میں کسانوں اور ماہی گیروں کے تمام علاقوں کو تباہ کر دیا ۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ساحلی علاقوں میں بھی تلاش کا کام جاری ہے جہاں کئی افراد موجوں میں بہہ گئےتھے۔