واشنگٹن: امریکہ میں پھر کرونا کیسز میں اضافہ:اہم فیصلے اورسخت پابندیاں عائد کردی گئیں‌،اطلاعات کے مطابق امریکہ میں تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک کے بڑے میڈیکل گروپس نے ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان اداروں کا کہنا ہے کہ وبا کی روک تھام کے لیے اس شعبے میں کام کرنے والے لوگوں کی ویکسی نیشن اب ناگزیر اور اخلاقی طور پر لازم نظر آتی ہے۔

وائس آف امریکہ کی خبر کے مطابق امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن اور امریکن نرسز ایسوسی ایشن سمیت صحتِ عامہ سے تعلق رکھنے والے 55 گروپس نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ “ہم تمام ہیلتھ کیئر ورکرز اور طویل دورانیے کی دیکھ بھال کے مراکز کی انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیں۔”

ان اداروں کی جانب سے ایسا مطالبہ پہلی بار کیا گیا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ ہیلتھ کیئر ورکرز، خاندانوں، کمیونیٹیز اور پوری قوم کی صحت اور تحفظ اب اس پر منحصر ہے کہ فوری طور پر ویکسین لگوائی جائے۔

اس مشترکہ اعلامیے کے جاری ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ریٹائرڈ امریکی فوجیوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ‘یو ایس ویٹرنز افیئرز ڈپارٹمنٹ’ کی جانب سے اس ادارے کے تحت چلنے والے 1700 میڈیکل سینٹرز اور کلینکس میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن کو لازمی قرار دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس طرح کا مطالبہ کرنے والی یہ پہلی وفاقی ایجنسی ہے۔ اس اعلان میں ملازمین کو ویکسین لگوانے کے لیے آٹھ ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔

ایجنسی کی سیکرٹری ڈینیس مک ڈونو کے اعلان کے مطابق “ہمارے اداروں میں قدم رکھنے والے ہر ویٹرن اور ملازم کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ہم نے ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔”

Shares: