بھارت چین کے سرحدی تنازع پرایک دوسرے پرالزامات، اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے، چین کا انتباہ

0
44

بیجنگ: بھارت چین کےسرحدی تنازع پرایک دوسرے پرالزامات، اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے، چین کا انتباہ،اطلاعات کے مطابق چین نے بھارت کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے سنگین سرحدی خلاف ورزیاں کیں، وادی گلوان میں ہمیشہ سے ہمارا کنٹرول رہا ہے، بھارت اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے۔

بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین وادی گلوان میں ہونے والی سرحدی جھڑپ کا ذمہ دار نہیں، بھارتی فوجیوں نے سرحدی معاملات پر ان کے پروٹوکول اور کمانڈرز کی سطح کے مذاکرات پر طے شدہ اتفاقِ رائے کی سنگین خلاف ورزیاں کیں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چین مزید تنازعات نہیں چاہتا، چینی فوج کے ترجمان نے بھارت کو کہا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے اور تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت کے درست راستے پر آگے بڑھے۔

واضح رہے گذشتہ روز لداخ میں چینی اور بھارتی فوجیوں کے مابین جھڑپ کے دوران ہندوستانی کرنل سمیت 20 سپاہی مارے گئے تھے جس پر بھارت میں سوگ کی سی کیفییت ہے اور کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دینے والے نریندر مودی کو سانپ سونگھ گیا ہے، بھارتی میڈیا مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنا رہا ہے۔

گرچہ دونوں ملکوں کی طرف سے معاملے کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن اس واقعے کے ایک ہفتے بعد بھی معاملہ گرم ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ خلیجی اخبار نے مبصرین کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ چینی فوج نے بھارتی سرحدوں میں داخل ہو کر اپنا فوجی ساز و سامان منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

نئی دہلی میں قائم دفاعی ادارے سے تعلق رکھنے والے مبصر اجئے شکلا کہتے ہیں کہ صورتحال میں مزید گرما گرمی کے نتیجے میں مکمل جنگ چھڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں چینی فوجی بھارتی حدود میں موجود ہیں، ان کیلئے اب باقی کیا کرنا رہ گیا ہے؟ لڑنا۔انہوں نے کہا کہ چین تعمیراتی سرگرمیوں کا بہانہ بنا کر بھارت پر مختلف سیاسی و معاشی مقاصد کی وجہ سے دبائو ڈال سکتا ہے جس کا ہم فی الحال یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

Leave a reply