بھارت میں بارشوں نے تباہی مچا دی،20 افراد چل بسے،شہروں میں کشتیاں چلنے لگیں

0
34

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے و دیگر حادثات میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے

کرناٹک، تلنگانہ، جنوبی مغربی اڈیشہ اور کیرالا میں پیر کی دوپہر سے موسلا دھار بارش جاری ہے۔ شمال مشرقی آندھراپردیش کے ساحل پر ہوا کے شدید دباؤ کے بعد آئندہ 5 دن تک کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

آندھراپردیش میں بارش سے ہونے والے حادثات میں 9 افراد اور تلنگانہ میں11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ان میں شہر حیدرآباد کے بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں 3 کمسن بچوں سمیت 8 افراد زندہ دفن ہوئے ہیں ۔ ایک خاتون اُس وقت ہلاک ہوئی جب وہ اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ سفر کررہی تھی کہ کار سیلاب کے پانی میں بہہ گئی۔

بھارتی محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ریاست آندھرا پریش میں بھی وشا کھا پٹنم ‘ مشرقی گوداوری‘ ویزاگ کے علاوہ کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مسلسل بارش کے سبب تمام ذخائربھرچکے ہیں اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے جاری سال کے دوران آج چوتھی مرتبہ ناگرجنا ساگر سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 10سال بعدحمایت ساگر کی سطح آب مکمل ہوئی ہے اور کسی بھی لمحہ حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔

چند گھنٹوں کی بارش نے بھارتی شہر حیدرآباد کو زیرآب کردیا۔ گزشتہ شب سے جاری بارش نے منگل کی شام سے خطرناک صورتحال اختیار کرلی اور چند گھنٹوں تک موسلا دھار بارش نے سارے شہر کو تہس نہس کردیا۔حیدرآباد شہر کی درجنوں بستیاں اور محلے پانی میں گھر گئے۔ کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر پڑے۔ عوام جان بچانے کے لئے دوسرے مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔

پانی جمع ہونے کے لئے مشہور علاقہ ٹولی چوکی تالاب کی شکل اختیار کرگیا اور ندیم کالونی و دیگر مقامات سے پانی میں محصور عوام کو منتقل کرنے این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے کشتیوں کا استعمال کیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں خاص طور پر پرانے شہر کے ایک بڑے حصے میں عوام انتہائی بے بسی کی حالت میں دیکھے گئے۔ کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ گھروں کا سامان پانی کے ساتھ بہنے لگا۔ لوگ خود کو بچانے کی فکر میں سامان کی حفاظت نہ کرسکے۔ شہر میں بعض مقامات پر گاڑیاں بہہ جانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے جہاں کئی علاقے زیرآب آگئے تھے وہیں کچھ عبادت گاہوں میں بھی پانی داخل ہوجانے کی اطلاع ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کچھ مساجد کے علاوہ مندروں اور دوسری عبادت گاہوں میں پانی داخل ہوگیا تھا جس کی نکاسی کے لئے کوششیں شروع کردی گئی تھیں تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے اِس کام میں مشکلات پیش آئیں

Leave a reply