پریڈ گراؤنڈ جلسے میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی

اسلام آباد: (باغی ٹی وی) ہفتے کی رات تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں ایک بار پھر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا, جلسے میں شریک پی ٹی آئی کے متوالوں نے خواتین کو آتا دیکھ کر انہیں غلط راستہ بتایا بعد ازاں انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی, خاتون صحافی نے باغی ٹی وی کو بتایا کہ جب انہوں نے پارٹی کی خواتین ونگ میں جاکر شکایت کی تو وہاں موجود خواتین نے ماننے سے انکار کردیا بلکہ انہیں ہی غلط کہا, خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی دوسروں کو تو سیدھا راستہ دیکھانے کی ازخود ذمے داری لئے ہوئے ہیں, عمران خان اپنے چاہنے والوں کے لئے کیوں نہیں تربیتی نشتوں کا اہتمام کرتے ہیں? ان کی کیوں نہیں اخلاقی تربیت کرتے ہیں, اگر تحریک انصاف خواتین کے تقدس کا احترام نہیں کرسکتی ہے تو ان کی تذلیل کرنے کے لئے انہیں بلایا بھی نہ کریں۔

جلسے میں شریک ایک اور خاتون نے باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ ایسے بنتی ہے جیسے جلسے میں آنے والے لوگ خواتین کے ساتھ پیش آ رہے ہیں ایسے لوگوں کے خلاف کیوں ایکشن نہیں ہوتا ۔ ایسے لگتا ہے کہ جلسے میں کچھ لوگ خواتین کو ہراساں کرنے کا مقصد لے کر ہی شریک ہوتے ہیں۔ تحریک انصاف کو اس حوالہ سے غور کرنا چاہئے

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں ۔ تحریک انصاف کے قائدین سے خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے الگ پنڈال کے ساتھ الگ راستہ بھی ہونا چاہئے تا کہ جلسے میں خواتین کو ہراساں کرنے والوں سے خواتین بچ سکیں ۔ اگر یہی صورتحال رہی تو خواتین جلسے میں آنا چھوڑ دیں گی ۔

Comments are closed.