بہت جلد ننھے مہمان کی والدہ بننے والی معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اپنی گود بھرائی کی رسم کی خوبصورت ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
باغی ٹی وی : ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اقرا عزیز نے اپنے جذبات کا اظہار ’لال دل‘ والی ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی اقراء عزیز اور یاسر حسین نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ہاں رواں برس جولائی میں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے۔
گود بھرائی کی تقریب سے متعلق ایک اور خاص چیز اقراء عزیز کا گودبھرائی کی تقریب میں پہنا جانے والا دوپٹہ تھا جسے خوبصورت کام دار پھولوں اور اردو اسکرپٹ کے ساتھ تیار کیا گیا 100 خاص پیغامات سے مزین منفرد اور خوبصورت دوپٹہ ڈیزائنر فہد حسین کا تیار کردہ ہے۔
ڈیزائنر حسین نے اس حوالے سے ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جب اقرا اُن کے پاس اپنی گود بھرائی کے دوپٹے اور لباس کی ڈیزائننگ کے لیے آئیں تو اُنہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوئی کہ اقرا نے اپنی زندگی کے خاص موقع پر مغربی طرز کے بجائے ہماری روایتی تقریب ’گود بھرائی‘ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈیزائنر نے کہا کہ اقرا چاہتی تھیں کہ ہم اُن کے لیے کچھ ایسی چیز تیار کریں جو وہ اپنے بچے کو دے سکیں لہٰذا ہم نے اُن کے لیے خاص دوپٹہ تیار کرنے کا سوچا ہم نے اقرا سے کہا آپ ہمیں 100 خصوصی پیغامات دیں جو ہم اس دوپٹے پر لکھ سکیں اور پھر اداکارہ نے یاسر اور اُن کی والدہ کی مدد سے یہ کام پورا کیا۔
ڈیزائنر نے بتایا تھا کہ اقرا کا کہنا تھا کہ اگر اُن کی بیٹی ہوئی تو وہ یہ دوپٹہ اپنی بیٹی کو دیں گی اور اگر بیٹا ہوا تو اپنی بہو کو یہ دوپٹہ دیں گی۔‘