مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر اردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی اور احتجاج

0
55

اردن کی حکومت کا یہودی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر اسرائیل سے شدید احتجاج سفیر کو طلب کر لیا گیا

تفصیلات کے مطابق اردن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو وزارتِ خارجہ کے دفتر میں طلب کرکے حرم قدسی کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پراحتجاج کیا گیا۔

اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضاۃ نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل زید اللوز نے اسرائیلی سفیر کوطلب کر کے انہیں اپنے احتجاج اور موقف سے آگاہ کیا۔ اسرائیلی سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ فوری طورپر یہ مراسلہ اپنی حکومت تک پہنچائے اور اس پرعمل درآمد کرائے۔

اردن نے واضح کیا ہے کہ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمان نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کا سلسلہ بند کرائے۔ القدس اور قبلہ اول کے تاریخی، آئینی اور دینی تشخص کے حوالے سے طے پائے معاہدوں پرعمل درآمد کرے۔

Leave a reply