اسرائیلی فوج کی کارروائیاں،17 روزے دار فلسطینی زخمی
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج کی کارروائیاں،17 روزے دار فلسطینی زخمی ،اطلاعات کے مطابق مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے مختلف واقعات میں 17 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطین کی ہلال احمر کے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق مغربی کنارے کے شمالی شہر تل کریم میں واقع ہادوری یونیورسٹی میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان پیش آنے والے تصادم کے واقعات میں 51 متاثرہ فلسطینیوں کو ابتدائی طبّی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی کارروائی میں 17 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 2 کو اصلی گولیاں ماری گئی ہیں جبکہ 34 افراد کو گیس بموں کی وجہ سے دم گھٹنے کے خطرے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
موقع پر موجود افراد سے حاصل کی جانے والی معلومات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ہادوری یونیورسٹی کے طالبعلموں کے خلاف اصلی اور ربڑ کی گولیوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہِ رمضان سے پہلے ہی اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسرائیل میں ہونے والے چار حملوں میں اب تک 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد اسرائیلی فوج نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اب تک اسرائیلی فوج کی جانب سے دو خواتین سمیت کم از کم 10 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کیے جا چکے ہیں۔