کشمیر یوتھ الائنس کے وفد کی چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام سے ملاقات

0
30

اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی)چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت بہیمانہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا، پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کررہی ہے، پاکستانی نوجوان کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر یوتھ الائنس کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ ریاست کی خود مختار حیثیت کو ختم کرنے کے حوالے سے مختلف معاملات سمیت کشمیر کمیٹی کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فخر امام نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بہیمانہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے سویلین آبادی پر کلسٹر بموں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کشمیر یوتھ الائنس کے چیئرمین سعد ارسلان صادق نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور نوجوان مقبوضہ جموں کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ وفد میں ڈاکٹر مجاہد گیلانی، ڈاکٹر سلمان شفی اور ڈاکٹر اسامہ ظفر شامل تھے۔

Leave a reply