آگیا ہے وقت اپنے خواب کی تعبیر کا ، تحریر محمد ہارون

0
41

اسلام کے ابتدائی دور سے ہی مسلمانوں کو کئی اسلام مخالف طاقتوں کا سامنا کرنا پڑا چاہے وہ مکہ کے کفار ہوں یا خیبر کے یہود لیکن اسلام اور مسلمانوں نے اپنا لوہا منوایا اور اللہ رب العزت نے اسلام کو سر بلندی عطا فرمائی. جب ہم اسلامی تاریخ میں درج عظیم قربانیوں اور مختلف جنگوں کے بارے میں پڑھتے ہیں تو جو دو باتیں ہمارے سامنے آتی ہیں وہ یہ کہ اسلامی تاریخ میں دو قسم کی معرکہ آرائی ہوئی ہے ایک اسلام اور کفر کے درمیان اور ایک حق اور باطل کے درمیان ہوئی ہے،

یہ بات سچ ہے کہ جب کربلا میں حق اور باطل کا آمنا سامنا ہوا تو مسلمان گروہوں میں بٹے نظر آئے لیکن تاریخ اس بات پر بھی گواہ ہے کہ جب جب اسلام اور کفر کے درمیان جنگ ہوئی تو مسلمان متحد تھے، مسلمانوں کے قدم کبھی لڑکھڑائے نہیں، مسلمانوں نے دین کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی. ذرا یاد کریں وہ بدر کا واقعہ جس میں مسلمانوں کی تعداد صرف تین سو تیرہ تھی لیکن ایک ہزار کے لشکر پر حاوی ہو گئے. خندق میں بھوک پیاس برداشت کر کے خندق کھودی اور اپنے دشمنوں کو شکست دی. درِ خیبر کو شیرِ خدا نے ایک ہی لمحے میں اکھاڑ پھینکا. جب بڑے بڑے بادشاہ مسلمانوں کے نام سے کانپتے تھے اور بر صغیر میں یاد کریں 1965 کی جنگ کو جب دشمن فوج کے جرنیل صبح تک لاہور فتح کرنے کے دعوے کر رہے تھے تب اللہ نے ہماری مدد کی ہماری فوج کے جوانوں نے قربانیاں پیش کیں  ہماری عوام ہمارے لوگ دشمن کے خلاف نکلے اور آن کی آن میں جنگ کا نقشہ بدل گیا.

مانا نہیں ہے ہم نے غلط بندوبست کو
ہم نے شکست دی ہے ہمیشہ شکست کو

اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کون سے طاقت تھی جس نے مسلمانوں کا ساتھ دیا وہ کون سی حکمت عملی تھی جس کی وجہ سے مسلمان سب پر حاوی ہوگئے؟ وہ طاقت تھی ایمان کی وہ حکمت عملی تھی جہاد کی. آج ایک بار پھر اسلام کے مد مقابل کفر کھڑا ہے اور مسلمانو‍ں کو نقصان پہنچا رہا ہے تو پھر آج امت مسلمہ میں اتحاد نظر کیوں نہیں آتا؟ کیا ایمان کی وہ رمق باقی نہیں رہی؟ کیا حکمت عملی کمزور پڑ گئی؟ کیا آپ کو جہاد کا راستہ کارگر نظر نہیں آتا؟ اپنے آس پاس نظر دوڑائیے ایک طرف کشمیری ہیں جو 72 سال سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن کچھ نہیں ملا اور ایک طرف افغانستان کے لوگ ہیں جنہوں نے جہاد کا راستہ اپنایا اور دنیا کی ایک بڑی طاقت روس کے ٹکڑے کر دیے اور دوسری طاقت جو اس وقت خود کو سپر پاور کہتی ہے وہ بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے تو آپ ذرا غور کریں کہ کس عمل سے کس کو کیا ملا؟ احتجاج والے کامیاب ہوئے یا جہاد والے؟

ہمارے ملک پاکستان میں لوگوں میں آج بھی کفار سے ٹکرا کر ان کو شکست دینے کا عزم، حوصلہ اور ہمت موجود ہے ہم سب اپنے سپہ سالار کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں اور ہمیں اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے کہ اب وہ کشمیر لے کر ہی رہے گی کیونکہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور شیر جب اپنی شہ رگ پر خطرہ محسوس کرے تو اس خطرے کو نیست و نابود کر دیا کرتا ہے اب ساری امت مسلمہ ہمارا ساتھ دے یا نہ دے لیکن ہم سب ایک پیج پر ہیں ہم مسئلہ کشمیر پر اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں. ہماری حکومت سفارتی سطح پر بھارت کا چہرہ بے نقاب کر رہی ہے، ہماری فوج اور عوام جہاد کے لیے ہر دم تیار ہے اور اب یوں لگتا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا وقت آ گیا.

آ گیا ہے وقت اپنے خواب کی تعبیر کا
فیصلہ ہونے کو ہے تم دیکھنا کشمیر کا

تحریر : محمد ہارون

Leave a reply