اسلام آباد:مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج جو چیخیں ماررہےہیں انہیں عمران خان نےکارکردگی کی بنیاد پر وزارتوں سے نکالا تھا،وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لئے آسان تھا کہ ملک کو بحرانوں میں چھوڑ کر نگران حکومت کے حوالے کر دیتے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاست کو بچانا آسان فیصلہ تھا لیکن ہم نے ذمہ دارانہ سوچ کا مظاہرہ کیا، 2013 میں لوڈ شیڈنگ 18، 18 گھنٹے تھی، ہم نے چیلنج قبول کیا اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں ایک سال کاروبار بند رہا، کاروباری برادری اور مارکیٹ کنفیوژن کا شکار تھی، وزیراعظم سے لے کر نیچے تک کرائے کے ترجمان کہتے تھے کہ ہم آئی ایم ایف نہیں جائیں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ سابق دورمیں پانچ مرتبہ وزیرخزانہ بدلا گیا، سات مرتبہ ایف بی آرکےچیئرمین کوبدلا گیا، چھ بارسیکریٹری فنانس کو تبدیل کیا گیا، آج جو چیخیں مار رہے ہیں انہیں عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پر وزارتوں سے نکالا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیت ان کے وزیراعظم نے قبول نہیں کی تو عوام کیسے کرے، جب معیشت تباہ ہوئی اور مارکیٹ کا اعتماد ختم ہو گیا تو انہوں نے کمزور بنیادوں پر آئی ایم ایف کے ساتھ سخت شرائط طے کیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس وقت سیکریٹری فنانس نے کہا کہ یہ معاہدہ غلط ہے تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا، وہ عوام کی بات کر رہے تھے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لائی جائیں۔