حکومت پنجاب کی ہدایت پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ملک میں منکی پاکس کیس رپورٹ ہونے پر لاہور جنرل ہسپتال کے سینئر پروفیسرز/کنسلٹنٹ پر مشتمل 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس کے فوکل پرسن پروفیسر آ ف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں پروفیسر انیلہ اصغر، پروفیسرمحمد فہیم افضل، ڈاکٹر محمد عرفان ملک، ڈاکٹر غزالہ روبی، اور ڈاکٹر سید جعفر حسین شامل ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمیٹی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے گی اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں منکی پاکس کے کیسز کی تشخیص اور علاج معالجے کے بھرپور ا نتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے اس حوالے سے امید ظاہر کی کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے بر وقت اقدامات کی وجہ سے انشا ء اللہ منکی پاکس کی بیماری کے پھیلاؤ کو ابتدا ہی میں کنٹرول کر لیا جائے گا تاہم کسی ایمرجنسی صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ایل جی ایچ کی انتظامیہ نے سینئر پروفیسرز ، کنسلٹنٹ اور پیتھیالوجسٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ایس او پیز کے مطابق مرض کی تشخیص، کیس مینجمنٹ اور مریض کے علاج معالجے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور بہترین دیکھ بھال کے اقدامات کو ممکن بنائے گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بیرون ملک سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدآمد یقینی بنائیں، ماسک پہنیں، ایک دوسرے سے مصافحہ اور بغل گیر ہونے سے اجتناب برتیں اورصابن سے ہاتھ دھونا نہ بھولیں تاکہ بیماری ایک سے دوسرے میں منتقل نہ ہو سکے اور اپنے ساتھ ساتھ دوسرو ں کی زندگیاں بھی محفوظ بنائی جا سکیں۔

دوسری جانب نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹرجاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرکی زیرصدارت ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرالیاس گوندل،عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر جمشید ،یونیسف کے ڈاکٹر قرۃالعین،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹریونس،ڈاکٹرعاصم الطاف ،ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہر،کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین،رجسٹراریونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسزپروفیسرڈاکٹرجنیدرشید،ڈاکٹریداللہ،محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکرٹریزڈاکٹربختیار اور ڈاکٹرعبدالرحمان،بریگیڈئیروحید، لاہورایئرپورٹ کے نمائندہ ڈاکٹرسکندرودیگرحکام نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرنے صوبہ میں منکی پاکس پرقابوپانے کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزراء کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔لاہور میں منکی پاکس کے حوالہ سے بچوں کیلئے چلڈرن ہسپتال اور بڑوں کیلئے جنرل ہسپتال کو مختص کردیا گیا ہے پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہرکو منکی پاکس کے الرٹس ودیگرمعلومات کے حوالہ سے فوکل پرسن بنا دیا گیا ہے۔ڈاکٹرجاویداکر م نے کہا کہ ایئرپورٹ حکام کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ رہناہوگا۔ عوام کیلئے منکی پاکس کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی ہے پنجاب میں منکی پاکس کی ٹیسٹنگ کی سہولت بھی موجودہے۔لاہورکے علاوہ تمام اضلاع میں منکی پاکس کے حوالہ سے ہسپتالوں میں بستروں کو مختص کردیا جائے گا۔منکی پاکس پرقابوپانے کیلئے احتیاطی تدابیراپنانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے تمام ایئرلائنزکو گائیڈلائنزبھی جاری کردی گئی ہیں۔

نگران صوبائی وزیرمحکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹرجمال ناصر نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منکی پاکس کے حوالہ سے عوام کوہراساں نہیں کرنا بلکہ معلومات فراہم کرنی ہیں۔جہازکے اندرہی اس حوالہ سے مسافروں کی سکریننگ کرنی چاہئے۔تمام اضلاع میں ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے بستروں کو مختص کرنے اور ڈی ایچ کیوہسپتالوں میں پی سی آرکٹس اورضروری ٹیسٹنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دونوں محکمہ جات کے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈزمختص کئے جائیں گے۔منکی پاکس کی روک تھام کیلئے ادویات کی خریداری اور سپلائی چین کیلئے جامع لائحہ عمل تیارکیاجائے گا۔ اس حوالے سے ویکسین کی خریداری کی تجویزبھی زیرغورہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا، سعودی عرب سے بے دخل شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 17 اپریل کو پاکستان آنے والے شخص میں منکی پاکس کی علامات تھیں، متاثرہ شخص کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجےگئے، گزشتہ روز قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کی۔

 ممکنہ منکی پاکس کیسز اور بارڈر ہیلتھ سروسز ہدایات کی روشنی میں ایئرپورٹس پر حفاظتی انتظامات

ووٹ کا حق سب سے بڑا بنیادی حق ہے،اگر یہ حق نہیں دیاجاتا تو اس کامطلب آپ آئین کو نہیں مانتے ,عمران خان
سعیدہ امتیاز کے دوست اورقانونی مشیرنے اداکارہ کی موت کی تردید کردی
جانوروں پر ریسرچ کرنیوالے بھارتی ادارے نےگائے کے پیشاب کو انسانی صحت کیلئے مضر قراردیا
یورپی خلائی یونین کا نیا مشن مشتری اور اس کے تین بڑے چاندوں پر تحقیق کرے گا
برطانوی وزیرداخلہ کا پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا مجرم کہنا حقیقت کے خلاف ہے،برٹش جج
جماعت اسلامی سےمذاکرات،عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی کی تین رکنی کمیٹی قائم
بھارتی مسلمان رکن اسمبلی کوبھائی سمیت پولیس حراست میں ٹی وی کیمروں کے سامنے گولیاں ماردی گئیں

Shares: