منی لانڈرنگ کیس: مونس الٰہی کے خلاف سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

0
41
منی لانڈرنگ کا مقدمہ،چالان سماعت کے لیے منظور،مونس الہیٰ کا سمن جاری

لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہو گئی۔

باغی ٹی وی : منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے لیے مونس الہٰی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے تاہم بینکنگ عدالت کے جج کے رخصت پر ہونے کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہو گئی۔

عدالتی عملے نے ڈیوٹی جج کی اجازت سے مونس الٰہی سمیت تمام ملزمان کی ضمانت میں 22 جولائی تک توسیع کر دی۔

بعد ازاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے مونس الٰہی سے سوال کیا کہ کہا جارہا ہے آپ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی مہم نہیں چلا رہے ؟ اس پرمونس الہی نے کہا کہ یہ بات پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ ہم مہم چلارہے ہیں کہ نہیں، بالکل چلارہے ہیں 17جولائی کا الیکشن ہم جیتیں گے اور اس روز الیکشن ٹھیک ہوگا تو 22 کا الیکشن بھی ٹھیک ہوگا۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو مونس الٰہی کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ مونس الہٰی کی ضمانت میں بھی آج تک توسیع کی گئی تھی۔

سماعت میں ایف آئی اے نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ ملزم کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور کیس کا 47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے، ہم واؤچرزدیکھ رہے ہیں، تفتیش مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

ایف آئی اے کے بیان پر عدالت نے کہا تھا کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے، ملزمان کے وکیل تیاری کرکےآئیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اےذرائع کے مطابق مونس الٰہی پر 24 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کا الزام ہے-

Leave a reply