ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرر کردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر

0
51

ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرر کردہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوگئے ہیں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حساس مقامات پر سنائپرز تعینات، ہیلی کاپٹرز سے نگرانی کی گئی۔ کئی شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی جبکہ لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ کراچی میں 9 محرام الحرام کا جلوس شاہ خراساں نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر ختم ہوگیا۔ شرکائے جلوس کی حفاظت کے لئے پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں نے فول پروف انتظامات کئے ہوئے تھے جبکہ ٹریفک کو اس دوران متبادل راستوں سے گزارا گیا۔

جلوس کے دوران شہر قائد میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد رہی۔ جلوس میں داخلے کے لئے مخصوص پوائنٹس بنائے گئے تھے۔ جلوس کے شرکاء نے مزار قائد کے سامنے مولانا محمد حسین رئیسی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس اور رینجرز کے مجموعی طور پر 6 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ کچھ شوٹرز کو بلند عمارتوں اور پلوں پربھی ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایات تھیں جبکہ جلوس کے راستوں پر اسکینرز بھی نصب تھے۔

لاہور میں نویں محرم کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگیا۔ دو ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں نے جلوس کی سیکورٹی کے فرائض انجام دیے۔ جلوس کی سیکورٹی کے لیے تین حصار قائم کیے گئے تھے جہاں تلاشی کے بعد ہی عزاداران جلوس میں شامل ہوتے رہے۔ جلوس کے راستوں پر رینجرز کے دستے بھی گشت کرتے رہے جبکہ پولیس کے دو ہزار اہلکاروں نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیے۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا امام بارگاہ خیمہ سادات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

وفاقی دارالحکومت میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی سکس ٹو مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس مرکزی امام بارگاہ میں ہی اختتام پذیر ہو گیا۔

حیدرآباد میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس انجمن گلدستہ علی اکبر کے زیر اہتمام لطیف آباد نمبر پانچ سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ چہاردہ معصومین پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ملتان کا امام بارگاہ ممتاز آباد سے بر آمد ہونے والا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ ممتاز آباد پہنچ کر ختم ہوگیا۔

راولپنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پہ اختتام پذیر ہوا۔

پشاور میں شبیہہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہو کر براستہ صدرروڈ، فخرعالم روڈ، کالی باڑی اور فوارہ چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پراختتام پذیر ہوا۔

شیعہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی جانب سے کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں بعد از نماز ظہرین احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مزار قائد کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شیعہ لاپتہ افراد کے خانوادوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ امین شہیدی، علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، علامہ محمد حسین رئیسی اور علامہ عقیل موسیٰ سمیت دیگر علماء بھی موجود تھے۔ اححتجاجی مظاہرے سے خظاب میں رہنماؤں نے کہا کہ مسنگ پرسنز کی آواز ملک گیر آواز بن چکی ہے، ہم حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہیں کہ مسنگ پرسن کو فی الفور رہا کیا جائے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو عاشورہ کا جلوس روک دیا جائے گا اور کراچی میں 10 محرم عاشورہ کے مرکزی جلوس میں لاپتہ شیعہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا دیا جائےگا۔

گلگت بلتستان میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی، یوم عاشور کے سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں موبائل سگنل بند کر دی گئی ہے۔ پی ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ نویں اور دسویں محرم کو سکیورٹی وجوہات پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ تاہم جی بی میں نویں محرم کو موبائل فون سروس جزوی بحال رہی، شام چھ بجے کے بعد تمام اضلاع میں سگنل بند کر دی گئی ہے۔ ادھر پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں موبائل فون سروس دو دن تک معطل رہے گی۔

یوم عاشور کے موقع پر لاہور شہر کیلئے محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ڈیوٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ مرکزی جلوس کے روٹ پر 3 عارضی ہسپتال قائم کر دیئے گئے ہیں۔ عارضی ہسپتالوں میں ایک ہسپتال العمران شفاخانہ اور دوسرا الخمینی ہسپتال میں قائم کیا گیا ہے جبکہ 10 بیڈز کا تیسرا عارضی ہسپتال سنٹرل ماڈل سکول نزد کربلا گامے شاہ بنایا گیا ہے۔ مارننگ شفت میں 2 میڈیکل افسران سمیت دیگر ملازمین ڈیوٹی دیں گے۔ ایوننگ شفٹ میں 1 ایم او سمیت دیگر ملازمین جبکہ رات کی شفٹ میں 2 ایم اوز سمیت دیگر پیرا میڈٰیکل سٹاف ڈیوٹی سر انجام دے گا۔ 10 ڈی ڈی اوز ہیلتھ اپنی اپنی حدود میں لاہور شہر کے 9 زونز میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔ میڈیکل اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

Leave a reply