مقبوضہ کشمیر، نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان

0
19

سرینگر:دفعہ 35 اے اور 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر خزانہ الطاف بُخاری کی صدارت میں نئی سیاسی جماعت تشکیل دی جا رہی ہے جس کا اعلان اگلے ہفتے سرینگر میں ہونے کا امکان ہے۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق دہلی سے فون پر بات کرتے ہوئے بُخاری نے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے تعلق سے خبروں کی تصدیق کی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ میں اپنے ہم خیال سیاسی رہنماؤں کے ساتھ جموں و کشمیر میں ایک نئی علاقائی جماعت کا اعلان بہت جلد سرینگر میں کرنے جا رہا ہوں۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق اُن کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں جموں میں ایک اجلاس کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا اور اُمید ہے کہ اگلے ہفتے کے آخر تک سرینگر میں جماعت کا اعلان کیا جائے گا۔

جماعت کے نام کے بارے میں پوچھے جانے پر اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت اُن کی ہم خیال لیڈران جماعت کا آئین، پرچم اور نام کے انتخاب میں مصروف ہیں۔ اگلے ہفتے سرینگر میں جماعت کے اعلان کے موقع پر سب کچھ واضح ہوگا۔

بخاری اور دیگر سیاسی رہنما کے جنوری مہینے کی 7 تاریخ کو لیفٹینیٹ گورنر جی سی مُرمو سے ملاقات کی تھی۔ 9 جنوری کو غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد الطاف بُخاری کی نئی جماعت کے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم بُخاری اور دیگر رہنماؤں نے تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قیاس آرائیاں بے بنیاد ہے۔ تاہم اگر ضرورت پڑی تو جماعت کی تشکیل دی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ کشمیر کی سیاست میں نئی سیاسی جماعت کاقیام پہلے ہی اختلافات کا شکارہوگیاتھا۔ جب قیادت کے مسئلے پر رہنما ایک دوسرے سے الجھ پڑے تھے جن میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سرپرست مظفر حسین بیگ شامل تھے۔بخاری اور مظفر بیگ دونوں نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 اور ڈومیسائل اسٹیٹس کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔

Leave a reply