پاکستان میں نئے ویرینٹ کی موجودگی؛ ایئرپورٹس پر جراثیم کش اسپرے

0
137
covid

پاکستان میں نئے ویرینٹ کی موجودگی،ایئرپورٹس پر جراثیم کش اسپرے

ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کرونا سے دو اموات رپورٹ کی گئی ہیں، جب کہ پاکستان میں نئے ویرینٹ ایکس بی بی کی تصدیق کے بعد ملک بھر کے ایئرپورٹس میں کرونا سے بچاؤ اور جراثیم کش اسپرے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق بدھ 4 جنوری کو پاکستان بھر سے کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 22 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی موجودہ شرح صفر اعشاریہ 43 فیصد ہے، جب کہ زیرِعلاج مریضوں میں سے 14 کی حالت تشویش ناک ہے۔


کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اسلام آباد ائرپورٹس پرجراثیم کش اسپرے کئے جا رہے ہیں، جب کہ تمام لاؤنچز میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی جاری ہے۔ این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں بین الاقوامی پروازوں کے بعد ڈس انفیکشن عمل یقینی بنایا جا رہا ہے، جب کہ بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس کے 2 فیصد مسافروں کی سیمپلنگ بھی جاری ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تین جنوری کو حکام نے تصدیق کی کہ شہر میں 6 اومیکرون کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اومیکرون کی نئی قسم جسے ایکس بی بی اور ایکس بی بی-ون کا نام دیا گیا ہے، وہ چین، امریکا، بھارت، سنگاپور اور ہانگ کانگ سمیت دنیا کے 30 ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے۔ کرونا کی دونوں نئی قسمیں ایکس بی بی اور ایکس بی بی-ون سب سے پہلے اکتوبر 2022 میں چین میں رپورٹ ہوئی تھیں، جس کے بعد اب یہ قسمیں دنیا کے 30 ممالک تک پھیل چکی ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کووڈ-19 کی صورت حال قابو میں ہے تاہم انہوں نے حکام کو وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کووڈ-19 کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو خطے سمیت پوری دنیا اور پاکستان میں اس وقت کرونا کی صورتحال، کووڈ-19 کی نئی اقسام اور اس کی روک تھام کے لیے کئے گئے اقدامات اور ویکسی نیشن کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسی نیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے، پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر اسکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ واضح رہے کہ اومیکرون کے سب ویرینٹ ’بی ایف سیون‘ کے پھیلنے کے خدشات اور خطرات کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کو تعلیمی اداروں، سماجی اجتماعات و تقریبات کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کرنے اور اس سلسلے میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
مبشر لقمان کی دہائی، ابھی نہیں تو کبھی نہیں۔جنرل فیض بے نقاب،وائٹ پیپر،خطرے کی گھنٹیاں
ایران میں خواتین کیلئے گاڑیوں میں سر پر اسکارف لازمی پہننے کی وارننگ دوبارہ جاری
ملک بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا سے دو اموات رپورٹ
متعدد ممالک کی چین سے آنیوالے مسافروں کیلئے شرط،چینی حکومت کا شدید ردعمل
برِ صغیر کی معروف علمی، ادبی اور سماجی شخصیت،عطیہ فیضی
حکام نے بتایا تھا کہ اس سلسلے میں طورخم بارڈر پر پیدل چلنے والوں کی ویکسی نیشن اور ان کے اسکریننگ ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر شروع کردیے گئے ہیں۔ یہ فیصلے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیے گئے تھے۔ اجلاس میں این آئی ایچ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران کووڈ 19 کی صورتحال اور کورونا کی نئی لہر سے لاحق خطرات کے حوالے سے ہوائی اڈوں پر نگرانی کے طریقہ کار پر غور کیا گیا تھا۔

Leave a reply