مظفرآباد:سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی مدد کی۔تفصیلات کے مطابق کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ اور پاک افغان کارپوریشن فورم کے اشتراک سے تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صدر آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے شرکت کی۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مقیم لوگ کئی دہائیوں سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی مدد کی، افغانستان میں شدید قسم کا زلزلہ آیا، کافی نقصان ہوا، متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے، ہم کشمیر میں اس طرح زلزلے کے حالات کا سامنا کر چکے ہیں۔
سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ امدادی سامان بھیج رہا ہے، کاوشیں قابل تحسین ہیں، مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائی، اب بھارت سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو رہا ہے۔
ادھرافغانستان میں آنے والے شدید زلزے سے ہونے والے نقصان پرامداد کا سلسلہ جاری ہے اورتازہ امداد کا اعلان وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس نے کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی مشکل گھڑی میں افغان عوام کےساتھ ہیں
اس حوالے سے مظفرآباد سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے افغانستان کے متاثرین زلزلے کیلئے 10 کروڑ روپے کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔یہ امداد کسی بھی وقت افغان طالبان حکومت کو پہنچائی جاسکتی ہے
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی امداد کے لئے آزاد کشمیر کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان یک جان دو قالب ہیں، آزاد کشمیر پاکستان کی ایک اکائی ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت افغان بھائیوں کی مدد کے لئے 10 کروڑ روپے کی امداد افغانستان بھیجے گی، امداد بھیجنے کا طریقہ کار دفتر خارجہ اور قومی سلامتی کے اداروں سے مشاورت کے ساتھ طے کیا جائے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کا نمائندہ وفد امداد لیکر افغانستان جائے گا، افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت کئی شہروں میں خوفناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹکے مطابق افغانستان کے مختلف حصوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے جب کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ہے اور اس کے نتیجے میں 1500 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔