پاکستان نے راجستھان قتل کیس میں بھارتی میڈیاکی رپورٹس مسترد کردی

0
24

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اودے پور میں قتل کیس کی تحقیقات سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس مسترد کردی.ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخاراحمد کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا رپوٹس میں اودے پور قتل کیس کی تحقیقات میں ملزمان کو پاکستان میں ایک تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے مگر ہم واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی اشارے کو مسترد کرتے ہیں۔

عاصم افتخاراحمد کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت اپنے اندرونی مسائل کو چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کرتی رہی ہے مگر اس طرح کی بدنیتی پر مبنی کوششیں عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ بھارت کی شمال مغربی ریاست راجستھان میں ایک ہندو شخص کے قتل سے علاقے میں مذہبی کشیدگی پھیل گئی ہے۔

مقتول کنہیا لال نامی درزی کو منگل کی سہ پہر کو اودے پور ضلع میں مبینہ طور پر دو نوجوانوں نے قتل کر دیا۔ نوجوانوں نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے بی جے پی کی ایک سیاست دان کی جانب سے گستاخانہ بیان کی مقتول کی جانب سے حمایت کا بدلہ لیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں مذہبی بنیادوں پر کشیدگی کی وجہ سے حکومت نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے اور بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے جبکہ پولیس نے ان دونوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔انڈیا کی تمام مسلم تنظیموں کی جانب سے اس قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جبکہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a reply