اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی مقامی قیادت کے ساتھ رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔ جس کا مقصد’غلامی نا منظور‘ مارچ کی تیاریوں کوتیزکرنا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر بابر اعوان اور سابق رکن اسمبلی علی اعوان نے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں کے ذمہ دار مرد و خواتین سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور آزادی مارچ میں شرکت کے لیے مختلف طبقہ فکر کے حلقوں سے ملاقاتیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ذمہ داران انہیں مارچ میں شرکت کے لیے با ضابطہ دعوت دیں گے۔
ملاقات میں طے کیا گیا کہ ملک بھر سے آنے والے قافلوں کا استقبال اسلام آباد کی تنظیم کرے گی۔
اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف پروپیگنڈے کوقوم نے پہلے بھی مسترد کیا ہے اور اب بھی کرے گی۔ آزادی مارچ کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عمران خان کی کال پرلاکھوں پاکستانی ملک بھرسے اسلام باد پہنچیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی اعوان کا اس بابت کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کے دن گنے جا چکے ہیں، پاکستانی قوم نے آزاد خارجہ پالیسی کی نئی تحریک کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے ملک گیر جلسوں کا شیڈول جاری کردیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ملک گیر جلسوں کے حوالے سے شیڈول جاری کردیا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عمران خان 6 مئی کو میانوالی سے اپنے جلسوں کا آغاز کریں گے۔ 7 مئی کو عمران خان ورچوئلی یورپی یونین اور برطانیہ ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے۔
تیسرا جلسہ 8 مئی کو ایبٹ آباد، چوتھا جلسہ 9 مئی کو راولپنڈی اور پانچواں جلسہ 10 مئی کو جہلم میں منعقد کیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ کپتان کرک، اٹک اور مردان میں بالترتیب 11، 12 اور 13 مئی کو جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 14 اور 15 مئی کو جلسہ عام کیا جائے گا۔ عمران خان صوابی اور کوہاٹ میں 16 اور 17 مئی کو جلسے سے خطاب کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 مئی کو لاہور میں وکلاء کنوینشن سے خطاب کریں گے۔ 19 مئی کو چکوال اور 20 مئی کو ملتان میں جلسہ کیا جائے گا۔